ایل او سی پر دراندازی کی کوشش ناکام ،ایک جنگجو ہلاک
02:22PM Wed 22 Feb, 2017
سرینگر۔(بھٹکلیس نیوز)لائن آف کنٹرول پر سرحدی حفاظتی فورسز نے دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے ایک جنگجو کوہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ادھر دراندازی کے پیش نظر لائن آف کنٹرول پر فوج کو چوکس کر دیا ہے اور کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق لائن آف کنٹرول کے کری راجوری سیکٹر میں اس وقت سوموار اور منگل کی درمیانی رات اس وقت گولیوں کی گھن گرج سے پورا علاقہ لرز اُٹھا جب فوج اور جنگجوؤں کے درمیان جھڑپ شروع ہوئی ۔دفاعی ذرائع کے مطابق سرحد کی حفاظت پر تعینات بی ایس ایف اہلکاروں نے دوران شب جدید ہتھیاروں سے لیس جنگجوؤں کے ایک گروپ کی مشکوک حرکت دیکھی جو سرحد عبور کرنے کی کوشش میں تھے ۔ذرائع کے مطابق سرحدی حفاظتی اہلکاروں نے ان کو للکارا اور واپس جانے کیلئے کہا تاہم جد ید ہتھیارو ں سے لیس جنگجوؤں نے ان پر فائرنگ کی جس کے جواب میں فورسز اہلکاروں نے بھی جنگجوؤں کے خلاف جوابی کارروائی کی اور طرفین کے مابین گولیوں کا تبادلہ شروع ہو ا۔ذرائع کے مطابق جنگجوؤں نے خود کار ہتھیاروں سے سرحدی حفاظتی اہلکاروں پر گولیاں چلائی جس کے بعد دونوں طرف سے گولیوں کا تبادلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا ۔دفاعی ذرائع کے مطابق طرفین کے مابین گولیوں کے تبادلہ میں ایک جنگجو ہلاک ہو گیا جبکہ اسکے ساتھی واپس سرحد کے اس پار جانے پر مجبور ہو گئے ۔دفاعی ذرائع کے مطابق جھڑپ میں مارے گئے جنگجو کی لاش اعلیٰ صبح ایک اے کے 47رائفل اور دیگر اسلحہ سمیت بر آمد کی گئی ۔اسی دوران سرحد پر تازہ دراندازی کی کوشش کے پیش نظر بی ایس ایف اہلکاروں کو چوکس کر دیا گیا ہے اور کسی بھی امکانی حملے سے نمٹنے کیلئے تیاری کی حالت میں رکھا گیا ہے ۔