ہندی کو لازمی بنانے مرکز کے حکمنامے کو زیادہ اہمیت دینے کی ضرورت نہیں:کمارسوامی

12:19PM Fri 11 Jan, 2019

بنگلورو۔ 11جنوری( سالا رنیوز) وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے کہا ہے کہ ہندی زبان کو لازمی کرنے مرکز ی حکومت کے حکمنامے کو زیادہ اہمیت دینے کی ضرورت نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے نزدیک رہتے ہوئے مرکزی حکومت ووٹروں کا دل لبھانے کے لئے کئی پروگراموں پر عمل پیرا ہونے کی کوشش کررہی ہے، جس میں ہندی زبان کو لازمی بنانے کاحکمنامہ بھی ایک ہے ۔ اسے زیادہ اہمیت دینے کی ضرورت نہیں ہے ، شہر میں ایک پروگرام کا افتتاح کرنے کے بعد نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتخابات کے پس منظر میں مرکزی حکومت کئی منصوبے جاری کررہی ہے جس میں یہ بھی ایک ہے ۔ انہوں نے یا دگیر ضلع میں پینے کے پانی میں جراٹیم کش ادویات ملانے سے کئی افراد بیمار ہوکر ایک عورت کی موت کے تعلق سے کہا کہ اس بارے میں یادگیر کے ڈپٹی کمشنر اور پولیس کے اعلیٰ افسروں سے رپورٹ مل گئی ہے ۔ اب فوراً مقام کا جائزہ لے کر رپورٹ دینے کہا گیا ہے۔ رپورٹ آنے کے بعد خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ بی جے پی کے رکن اسمبلی بھون گوڈا یتنال کے بیان کے تعلق سے اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ جب یتنال جے ڈی ایس میں تھے انہوں نے بی جے پی کے لیڈروں کے خلاف بھی ایسے بیانات دےئے تھے ۔ ان کی باتوں کو زیادہ اہمیت نہ دیں ، انہوں نے کہا کہ جے ڈی ایس لجس لیٹر پارٹی میں کوئی الجھن ، عدم اطمینان نہیں ہے۔ لیکن کچھ میڈیا والے اسے پیدا کرکے خبریں بنا رہے ہیں۔اس سے لوگوں میں غلط فہمی پیدا ہونے پر انہوں نے افسوس کااظہار کیا۔