رابطہ سوسائٹی کی طرف سے آئندہ ہفتے کئی پروگرامات کا انعقاد
01:33AM Sat 17 Aug, 2013
رابطہ سوسائٹی کی طرف سے آئندہ ہفتے کئی پروگرامات کا انعقاد
بھٹکلیس نیوز ؍ 17 اگست، 13
بھٹکل (نامہ نگار) رابطہ سوسائٹی بھٹکل (بھٹکل مسلم خلیج کونسل)کے قاضیا حسن ھال میں کل شام پانچ بجے رابطہ سوسائٹی کی جانب سے پریس کانفرنس منعقد کی گئی تھی۔اس موقع پر جناب محمد غوث خلیفہ صاحب ( جنرل سکریٹری) نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے اس بات کی جانکاری دی کہ رابطہ سوسائٹی ہر سال کی طرح امسال بھی تعلیمی ایوارڈ کا ایک اہم پروگرام منعقد کرنے جا رہی ہے ۔امسال یہ پروگرام انشاء اللہ مورخہ 23 ؍اگست بروز جمعہ بعد نماز عصر انجمن میدان میں منعقد ہوگا ۔موصوف جنرل سکریٹری صاحب نے مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ رابطہ سوسائٹی کا اس جلاس کو منعقد کرنے کامقصد طلباء و طالبات کی ہمت افزائی کرنا اور انہیں تعلیمی میدان میں مزید آگے بڑھانا ہے۔جناب خلیفہ صاحب نے اس موقع پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رابطہ سوسائٹی اس تعلیمی ایوارڈ کو 20 سالوں سے منعقد کرتے آرہی ہے۔جنا ب غوث خلیفہ صاحب نے اس موقع پر رابطہ سوسائٹی بھٹکل کا مختصرتعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ رابطہ سوسائٹی کا قیام 1993 میں عمل میں آیا جس کا مقصد گلف میں موجود بھٹکلی احباب کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا تھا ۔موصوف نے اس موقع پر رابطہ کی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ رابطہ سوسائٹی تعلیمی میدان میں امداد کے ساتھ ساتھ بھٹکل میں ٹیمپو کی سروس،مریضوں کی خدمات کے لئے رابطہ ایمبولنس سروس، موسم گرما میں پانی کی قلت کے پیش نظر گاؤ ں کے مختلف محلوں میں ٹینکر کے ذریعہ پانی فراہم کرنا، شہرمیں امن و امان کو قائم کرنے کی ہر ممکن کو شش کرنا اور بالخصوص غیر مسلموں کو قریب لانے کے لئے گیٹ ٹو گیدر اجلاس کا انعقاد جیسی اہم سرگرمیاں انجام دیتی ہے ۔ اس موقع پرصدر رابطہ سوسائٹی بھٹکل جناب عبداللہ لنکا صاحب نے اپنے تاثرات کو پیش ک کرتے ہوئے آپسی میل ملاپ کے ساتھ رہنے کی تلقین کی اور بھٹکل میں ہندو مسلم بھائی چارہ کو سراہا۔ نظامت کے فرائض جناب رضا مانوی صاحب نے انجا م دیئے۔ مولانا ہاشم ندوی صاحب کے شکریہ کلمات کے ساتھ یہ اخباری کانفرنس اختتام کو پہنچی ۔ ڈائس پر جناب عبدالرحمٰن صدیقی صاحب ، جناب مناظر احسن سکری صاحب اور دیگر حضرات موجود تھے ۔