بنگلور شہر کے ایک بار میں لگی آگ، پانچ ملازمین کی جانیں تلف
12:51PM Tue 9 Jan, 2018
بھٹکلیس نیوز / 09 جنوری،2018
بنگلورو / (بھٹکلیس نیوز بیورو) بنگلورو کے خلاصی پالیم سے قریب موجود کیلاش بار میں کل درمیانی شب لگنے والی آگ میں پانچ ملازمین کی موت واقع ہوگئی ہے جن کی شناخت پرساد، مہیش، منجوناتھ، سوامی اور کارتک کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
ان کو شہر کے وکٹوریہ اسپتال میں پوسٹ مارٹم کے بعد اہل خانہ کے حوالہ کردیا گیا ہے۔
اطلاع پاکر صبح ریاستی وزیر داخلہ رام لنگا ریڈی، بنگلورو ترقیات کے وزیر کے جے جارج، رکن اسمبلی بی زیڈ ضمیر احمد خان نے موقع پر پہنچ کر معائنہ کیا اور اس کے بعد وکٹوریہ اسپتال پہنچ کر مہلوکین کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔
اس موقع پر ریاستی وزیر نے مہلوکین کے ورثاء کو فی کس پانچ لاکھ روپئے دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس معاملہ کی جانچ کی جائے گی اور رپورٹ ملنے کے بعد اگلی کارروائی ہوگی۔
وزیر داخلہ رام لنگا ریڈی نے بتایا کہ عمارت میں آگ پر قابو پانے کے آلات نصب نہ ہونے کی بناء پر پانچ لوگوں کو اپنی جانیں گنوانی پڑیں ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر فائر سیفٹی آلات کو نصب نہ کرنے والے تمام بار اور ریسٹورنٹ کے لائسنس منسوخ کردینے کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں لاپرواہی برتنے کی وجہ سے بار کے مالک کے خلاف فوجداری معاملہ درج کرنے کے لئے پولس کو ہدایت دی گئی ہے۔
(کنڑا سے ترجمہ : اے جے اسدی)