الہ آباد کا نام بدلنے پر وزیر اعلی یوگی نے کہا : ماں باپ نے تمہارا نام راون اور دریودھن کیوں نہیں رکھا ؟

02:16PM Sun 4 Nov, 2018

الہ آباد کا نام تبدیل کرنے پر اٹھے تنازع پر پہلی مرتبہ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے بیان دیا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھانے والوں سےپوچھا کہ تمہارا نام ماں باپ نے راون اور دریودھن کیوں نہیں رکھا۔ وزیر اعلی اتراکھنڈ میں گیان کنبھ میں شامل ہونے گئے تھے ، جہاں میڈیا کے سوالوں کے جواب میں انہوں نے بیان دیا۔ یوگی سے میڈیا نے پوچھا کہ اپوزیشن کا الزام ہے کہ حکومت اپنے ایجنڈے کے تحت نام تبدیل کررہی ہے ، تو کیا ضرورت ہے نام بدلنے کی ، اس پر یوگی نے جواب دیا کہ لوگ کہتےہیں کہ نام بدل دیا ، نام سے کیا ہوتا ہے ؟ میں نے کہا کہ تمہارے ماں باپ نے تمہارا نام راون اور دریودھن کیوں نہیں رکھا ؟ ۔
 خیال رہے کہ الہ آباد کا نام پریاگ راج کئے جانے کے بعد سے ہی یوپی کے دیگر شہروں کے نام بھی تبدیل کئے جانے کامطالبہ شروع ہوگیا ہے۔ بی جے پی کے سینئر لیڈر لال جی ٹنڈن نے اب لکھنو کا نام بدلنے کی گزارش کی ہے۔ لال جی کا کہنا ہے کہ لکھنو کا نام بدل کر لکشمن پور کردیا جانا چاہئے ، کیونکہ لکھنو کو لکشمن نے بسایا تھا اور زمانہ قدیم میں اس کو لکشمن پور کے نام سے ہی جانا جاتا تھا۔