میسور کے بین الاقوامی شہرت یافتہ دسہرہ تیوہار کی تیاریوں کا آغاز
02:40PM Tue 18 Jul, 2017
24جولائی کو بنگلور میں وزیر اعلی ٰ سدرامیا کی صدارت میں دسہرہ ہائی پور کمیٹی کا اولین اجلاس
میسور ( بھٹکلیس نیوز)
امسال ریاستی حکومت نے میسور کے بین الاقوامی شہرت یافتہ دسہرہ تقریبات کو عالیشان پیمانے پر منانے کا فیصلہ کیا۔ اور اس لئے اب سے ہی اس تقریبات کو منظم طریقے سے منانے کے لئے مورخہ 24 جولائی کو بنگلور میں وزیر اعلی ٰ شری سدرامیا کی صدارت میں دسہرہ ہائی پور کمیٹی کا اولین اور اہم اجلاس منعقد کیا جائیگا۔ اس اہم اجلاس میں میسور ضلع کے انچارج وزیر ڈاکٹر ہچ سی مہادیوپا، ریاستی وزیر برائے تعلیم، اوقاف اور اقلیتی بہبود جناب تنویر سیٹھ، میسور کے مئیر یم جے روی کمار، میسور ضلع پنچایت کی صدر محترمہ نعیمہ سلطانہ ، اراکین اسمبلی شری واسو اور یم کے سوم شیکھر، میسور ضلع کے ڈپٹی کمشنر مسٹر رندیپ، میسور کے پولیس کمشنر ڈاکٹر اے یس راؤ ، میسور سٹی کارپوریشن کے کمشنر مسٹر جی جگدیش اور میسور ضلع کے سپر انٹندنٹ آف پولیس مسٹر روی ڈی چننا ناور شرکت کرینگے۔اس اہم اجلاس میں چامنڈی پہاڑ پر دسہرہ تقریات کے افتتاح کے لئے مہمان خصوصی ، تقریبات کے لئے بجٹ ، ہاتھیوں کے سفر کا آغاز ( گجا پیانا) ، دسہرہ تقریبات کی ذیلی کمیٹیاں، اور عالیشان پیمانے پر منانے کے لئے درکار چند بہترین مشوروں پر غور وخوص کیا جائیگا۔