مجرم ثابت ہونے سے پہلے نااہل قرار نہیں دئیے جائیں گے ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی: سپریم کورٹ
12:17PM Tue 25 Sep, 2018
چیف جسٹس دیپک مشرا کی صدارت والی آئینی بنچ نے اس درخواست پر مداخلت سے انکار کر دیا جس میں مانگ کی گئی تھی کہ الزام جھیل رہے رہنماؤں کے الیکشن لڑنے پر پابندی لگا دی جانی چاہئے۔ سپریم کورٹ نے یہ بھی صاف کیا کہ قصور ثابت ہونے سے پہلے ممبران پارلیمنٹ اور ممبران اسمبلی کو نااہل قرار نہیں دیا جا سکتا ہے۔
حالانکہ کورٹ نے کہا کہ مجرموں کو سیاست میں آنے سے روکنے کے لئے پارلیمنٹ قانون بنا سکتی ہے۔ وہیں ایک اور درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے کہا کہ ارکان اسمبلی۔ پارلیمنٹ ملک کی مختلف عدالتوں میں وکالت کرنا جاری رکھ سکتے ہیں۔
سیاست کے جرائم زدہ ہونے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے کہا کہ حکومت کو ایسا قانون بنانا چاہئے جس سے مجرم سیاست میں نہ آسکیں۔ عدالت نے سیاسی جماعتوں کو حکم دیا کہ اگر انتخابات میں حصہ لینے والے کسی امیدوار کے خلاف مجرمانہ مقدمہ درج ہے تو پھر ویب سائٹ پر اس کا ذکر کریں اور ترجیحی بنیاد پر اس کی تشہیر بھی کریں۔ نامزدگی درج ہونے کے بعد میڈیا میں اس سلسلے میں جانکاری دیں۔