کرناٹک اسمبلی انتخابات: جے ڈی ایس کو قریب لانے کی تیاری، وزیراعظم نے دیوگوڑا کی تعریف کی
06:11AM Wed 2 May, 2018
میسور: کرناٹک میں الیکشن کے بعد حکومت بنانے کے لئے جوڑ توڑ کے اشارے ابھی سے ملنے لگے ہیں، اس کی مثال وزیراعظم نریندر مودی کی منگل کو ہوئی انتخابی ریلی میں دیکھنے کو ملی، جہاں انہوں نے سابق وزیر اعظم اور جے ڈی ایس سربراہ ایچ ڈی دیوگوڑا کی جم کر تعریف کی اور کانگریس صدر راہل گاندھی پر ان کی توہین کرنے کا الزام عائد کیا۔
وزیراعظم نے کہاکہ دیوگوڑا سب سے باعزت اور سب سے بڑے لیڈروں میں سے ایک ہیں اور وہ ان کی بہت عزت کرتے ہیں، لیکن دیو گوڑا پر راہل گاندھی کے بیان سے لگتا ہے وہ مغرور ہوگئے ہیں۔
وزیراعظم نے کہاکہ میں نے 20-15دن قبل کانگریس صدر کو ایک ریلی میں سنا تھا، جس طرح سے انہوں نے دیوگوڑا جی کی بات کی، اس سے لگا کہ ان میں تکبر آگیا ہے، کیا یہی آپ کی تربیت ہے؟
مودی نے آگے کہا کہ آپ زندگی (کانگریس صدر کی شکل میں) ابھی شروع ہوئی ہے۔ دیوگوڑا ملک کے سب سے بڑے لیڈروں میں سے ایک ہیں، آپ ان کی توہین کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں راہل گاندھی نے دیوگوڑا پر حملہ کرتے ہوئے ان کی پارٹی کو بی جے پی کی بی ٹیم بتایاتھا۔ سیاسی حلقوں میں مودی کے دیو گوڑا کے تئیں جھکاو کو نئے سیاسی حالات کے طور پر دیکھاجارہا ہے۔ تازہ سروے میں اندازہ لگایا گیا ہے کہ کسی بھی پارٹی کو اکثریت ملنے کاامکان کم ہے۔ ایسے میں دیو گوڑا کی پارٹی سرکار بنانے میں اہم رول ادا کرسکتی ہے۔
جے ڈی ایس کے ریاستی صدر ایچ ڈی کمار سوامی نے پہلے ہی دعوی کیا ہے کہ وہ الیکشن کے بعد کنگ ہوں گے، نہ کہ کنگ میکر۔ وزیراعلیٰ سدارمیا نے بی جے پی اور جے ڈی ایس پر الزام لگایاہے کہ دونوں کے درمیان سمجھوتہ ہے۔ اتنا ہی نیہں سدارمیا نے دعوی کیا ہے کہ کمار سوامی اور امت شاہ کی ملاقات بھی ہوئی ہے، لیکن جے ڈی ایس نے دعووں کو خارج کردیا ہے۔
حالانکہ ان کے والد دیوگوڑا نے ایک ٹی وی چینل سے کہا کہ اگر کمار سوامی بی جے پی کے ساتھ ہاتھ ملاتے ہیں تو وہ اور ان کا خاندان کمار سوامی سے رشتہ توڑ لے گا۔
مودی نے راہل گاندھی پر حملہ کرتے ہوئے کہاکہ آپ کیا لگتا ہے، اگر ان کا مزاج اس طرح کا ہے، تکبر ساتویں آسمان پر پہنچ گیا ہے، یہ تو زندگی کی شروعات ہی ہے، اگر وہ ابھی سے ایسا کررہے ہیں تو آنے والے دن کتنے برے ہوں گے، یہ آپ کو ان کی حرکتوں سے پتہ چل جائے گا۔