ترقی پر مبنی بجٹ : سدرامیا

02:54PM Thu 16 Mar, 2017

بنگلورو۔(بھٹکلیس نیوز)وزیراعلیٰ سدرامیا نے بتایا کہ ان کے ذریعہ پیش کردہ بجٹ ترقی پر مبنی ہے، اور تمام طبقات کا خیال رکھا گیا ہے ، اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اس بجٹ میں زراعت، آبپاشی، توانائی، صحت ، سماجی بہبود، اور شہری رسد وخوراک سمیت مختلف شعبوں پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے افزود فنڈ فراہم کیا گیا ہے۔اپوزیشن کے اس الزام پر کہ ریاست پر قرضہ کا بوجھ لادا جارہاہے۔انہوں نے بتایاکہ مرکزی حکومت کے ذریعہ جاری ایکنامک ڈسپلن پالیسی کے دائرہ میں رہتے ہوئے معاشی امور سنبھالے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ ٹیکس وصولی کے نشانہ کو پار کرنے میں بھی حکومت کامیاب رہی ہے، جبکہ نوٹ بندی کے سبب رجسٹریشن کی شرح میں 25فیصد کمی آئی ہے، جس سے 1350کروڑ روپیوں کی کمی ہوئی ہے۔ سدرامیا نے بتایاکہ پسماندہ طبقات کیلئے گزشتہ سال 19543کروڑ روپے بجٹ مختص کیاگیا تھا، جسے اس مرتبہ 27707کروڑ روپے کیاگیا ہے۔اسی طرح آبپاشی کے شعبے کیلئے بھی افزود فنڈ فراہم کرنے کے علاوہ زراعت، باغبانی ، اقلیتی بہبود، بہبودئ خواتین واطفال ، انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ وغیرہ کیلئے افزود فنڈ فراہم کیا گیا ہے۔ان کے مطابق اس مرتبہ جو نئے منصوبے جاری کئے گئے ہیں ان سے لاکھوں لوگوں کو فائدہ ہوگا۔حاملہ اورزچہ خواتین کیلئے مقوی غذا فراہم کرنے کے فیصلے سے 12؍ لاکھ خواتین کو فائدہ ہوگا۔اسی طرح سرکاری اور امدادی تعلیمی اداروں میں میڈیکل انجینئرنگ اور ڈگری میں داخلہ لینے والے طلبا کیلئے لیاب ٹاپ کی فراہمی سے دیڑھ لاکھ بچوں کو فائدہ ہوگا،زرعی قرضہ جات کی معافی سے متعلق وزیراعلیٰ نے بتایاکہ ریاست کے صرف 20؍ فیصد کسانوں نے کوآپریٹیو اداروں سے زرعی قرضہ جات حاصل کئے ہیں، جبکہ 80 فیصد کسانوں نے قومیائے گئے بینکوں سے قرضہ حاصل کیا ہے، اسی وجہ سے اگر مرکزی حکومت 50 فیصد قرضہ معاف کرے تو ریاستی حکومت بھی بقیہ 50 فیصد قرضہ معاف کرنے کیلئے تیار ہے اور وہ اپنے اس بیان پر قائم رہیں گے۔