یوم جمہوریہ کی تقریبات کے پیش نظر وادی میں حفاظتی اقدامات سخت 

03:50PM Thu 19 Jan, 2017

سرینگر ۔(بھٹکلیس نیوز)یوم جمہوریہ قریب آنے اور عسکریت پسندوں کے ممکنہ حملوں کے پیش نظر پوری وادی میں حفاظت کے غیر معمولی اقدامات اٹھائے گئے ہیں ،پولیس اسٹیشن ، فورسز کیمپوں ،اہم سرکاری عمارتوں ، ریلویں اسٹیشنوں ، بس اسٹینڈوں ،بھیڑ بھاڑ والے بازاروں میں پولیس و فورسز کی تعیناتی عمل میں لانے کے ساتھ ساتھ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے لوگوں کی نقل و حر کت پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہیں جبکہ پولیس و فورسز کی جانب سے غیر متوقع طور پر کئی علاقوں کا محاصرہ کر کے خانہ تلاشیاں لی جا رہی ہیں ۔یو این این کے مطابق خفیہ اداروں کی جانب سے یوم جمہوریہ کے تقریب کے موقعے پر اور اس سے پہلے ریاست خاصکر وادی کشمیر میں حملوں کی جانکاری دینے کے بعد ریاست میں پولیس وفورسز کو متحرک کر دیا گیا ہے تاکہ عسکریت پسندوں کے ممکنہ حملوں کو رونما ہونے سے پہلے ہی ٹالا جا سکے ۔ خفیہ اداروں کے مطابق پاکستانی زیر انتظام کشمیر میں عسکریت پسندو ں کے کمانڈروں نے ریاست خاصکر وادی کشمیر میں سرگرم عسکریت پسندوں کو ہدایت کی ہے کہ 26جنوری اور اس سے پہلے پولیس و فورسز کے خلاف حملوں میں تیزی لانے کے ساتھ ساتھ لوگوں میں خوف و دہشت پھیلانے کی کارروائیاں انجام دی جائے ۔ خفیہ اداروں کے مطابق برفباری کے باوجود پاکستانی زیر انتظام کشمیر میں حدمتارکہ پر جدید ہتھیاروں سے لیس عسکریت پسند دراندازی کرنے کی تاک میں ہیں تاکہ یوم جمہوریہ کی تقریبات میں رخنہ ڈالنے کی کارروائیاں انجام دی جائے ۔ خفیہ اداروں کی جانکاری کے بعد پولیس اسٹیشنوں ،فورسز کیمپوں ، اہم سرکاری عمارتوں ،پلوں ،ریلوے اسٹیشنوں ، بس اسٹینڈوں ،بھیڑ بھاڑ والے بازاروں میں حفاظت کے غیر معمولی اقداما ت اٹھا ئے گئے ہیں جبکہ پوری وادی میں پولیس وفورسز کے گشت میں اضافہ کر دیا گیا ہے ۔ نمائندے کے مطابق وادی کے دور دراز علاقوں میں عسکریت پسندوں کی نقل و حرکت کو روکنے کیلئے پولیس وفورسز کی جانب سے ناکے لگائے جا تے ہیں اور لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ نماز مغرب کے بعد بغیر روشنی کے اپنے گھروں سے باہر آنے کی کوشش نہ کریں اور خلاف ورزی کرنے والوں کو سزا بھگتنے کیلئے بھی تیار رہنا پڑیگا ۔ادھر شمالی کشمیر کے بیشتر علاقوں میں فورسز کی جانب سے مردم شماری کا کام شروع کیا گیا ہے جس پر عوامی حلقوں نے حیرانگی کا اظہار کیا ہے ۔ نمائندے کے مطابق یوم جمہوریہ کی تقریبات کو خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دینے کیلئے پوری وادی کو فوجی چھاونی میں تبدیل کیا جا رہا ہے اور پولیس وفورسز کی جانب سے اچانک دور دراز علاقوں کی آبادی کو محاصرے میں لے کر خانہ تلاشی کے ساتھ ساتھ شناختی پریڈ کرائی جاتی ہے تاکہ عسکریت پسندوں کے منصوبوں کو ناکام بنایا جا سکے ۔