بقرعید پر کچھ بھی روایت کے خلاف نہ ہو، ممنوعہ جانور کی قربانی قطعی برداشت نہیں کی جائے گی : یوگی آدتیہ ناتھ

03:57PM Sun 19 Aug, 2018

اترپردیش کے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے عید سے قبل کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے آج انتظامیہ اور پولیس حکام کو ہدایت دی کہ تہوار پر روایت کے خلاف کچھ بھی نہ ہو ، اگر انتظامیہ کی پالیسیوں کے خلاف کوئی کام کرے گا ، تو اس کے خلاف سخت کارروائی ہوگی اور اعلی حکام کو اس کے لئے جوابدہ بنایا جائے گا۔ وزیراعلی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ عید سے قبل تیاریوں کا جائزہ لینے کے ساتھ قانون اور جرائم کے معاملہ پر حکام سے بات چیت کرتے ہوئے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ ممنوعہ جانوروں کی قربانی قطعی برداشت نہیں کی جائے گی اور ایسا کرنے والے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ روایتی مقامات پر ہی نماز اور قربانی کی جائے ، روایت کے خلاف کچھ بھی نہیں ہونے دیا جائے ۔ قربانی کے بعد باقیات کو ندی نالوں میں نہیں بہایا جائے۔ باقیات کو فوراََ ہٹایا جائے تاکہ گندگی سے بچا جائے۔
 انہوں نے عید پر پانی اور بجلی کا نظام ٹھیک ٹھاک رکھنے کی ہدایت دی اور تمام اضلاع کو اس کا جائزہ لینے کی ہدایت دی۔ انہوں نے پولیس کے اعلی حکام کو 45منٹ سے گھنٹے کی پیدل پٹرولنگ کرنے اور عوام کے ساتھ بات چیت کرنے کی بھی ہدایت دی۔