شاہین باغ مظاہرین کا امت شاہ سے ملاقات کا اعلان، وزارت داخلہ کا ایسی کسی میٹنگ سے انکار
04:36PM Sat 15 Feb, 2020
وزیر داخلہ امت شاہ نے دو دن قبل یہ پیش کش کی تھی کہ مظاہرین ان سے کسی بھی وقت مل سکتے ہیں۔ مظاہرین نے اس پیش کش کو قبول کرتے ہوئے کل دوپہر امت شاہ سے ملاقات کرنے کا پروگرام بنایا ہے۔ واضح رہے شاہین باغ میں دو مہینے سے شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) اور قومی شہریت رجسٹر (این آر سی) پر احتجاج جاری ہے۔ دریں اثنا میڈیا میں یہ خبر گردش کر رہی ہے کہ کل 16 فروری کو یہاں کے مظاہرین وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کرنے کے لئے جائیں گے اور یہ ملاقات دوپہر کو 2 بجے متوقع ہے۔دوسری جانب ایک ویبسائٹ کے مطابق وزارت داخلہ کے ذرایع کا کہنا ہے کہ کل کوئی ایسی ملاقات کا پرگرام نہیں ہے۔
مظاہرہ کر رہے کچھ لوگوں نے سنیچر کے روز ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے امت شاہ کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وزیر داخلہ نے انہیں بات چیت کے لئے مدعو کیا ہے، لہذا وہ کل ان سے ملنے کے لئے جائیں گے۔ اس پریس کانفرنس کا کوئی منتظم نہیں تھا۔ تاہم ایک گروپ ایسا بھی ہے جو کہہ رہا ہے کہ وہ امت شاہ سے ملاقات کرنے کے لئے نہیں جائے گا۔
نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایک شخص نے بی بی سی ہندی کو بتایا، ’’ہماری شروع ہی سے یہ مانگ رہی ہے کہ امت شاہ اور نریندر مودی شاہین باغ آئیں۔ یہاں جو بھی بات ہو اسے براہ راست نشر کیا جائے۔‘‘ شاہین باغ میں احتجاج کرنے والے لوگوں کا حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ شہریت ترمیی قانون کو واپس لے۔ دو ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے اور حکومت کی طرف سے کوئی نمائندہ بات کرنے کے لئے ان کے پاس نہیں پہنچا۔