امریکی جنگی بحری بیڑے کی کوریا میں تعیناتی کا حکم
04:07PM Sun 9 Apr, 2017
واشنگٹن: شمالی کوریا کی جانب سے مسلسل میزائل تجربات کے پیش نظر امریکا نے خصوصی بحری بیڑے ’اسٹرائیک گروپ‘ کی جزیرے کوریا میں تعیناتی کا حکم دے دیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کی پابندیوں کے باوجود شمالی کوریا کی جانب سے یکے بعد دیگرے میزائل تجربات کے پیش نظر امریکا نے اپنے خصوصی بحری بیڑے کارل ونسن اسٹرائیک گروپ کو جزیرے کوریا میں تعینات کرنے کا حکم دے دیا ہے، اسٹرائیک گروپ بحری بیڑے میں جنگی جہازوں سمیت بیلسٹک میزائلوں کو تباہ کرنے کی صلاحیت بھی موجود ہے۔ امریکی پیسیفک کمانڈ کا کہنا ہے کہ بحری بیڑے کی خطے میں تعیناتی کا مقصد صورتحال پر نہ صرف نظر رکھنا ہے بلکہ اس پر قابو بھی پانا ہے۔
واضح رہے کہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے تحت بیلسٹک میزائل کے تجربات پر مکمل پابندی عائد ہے جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے ہی یہ دھمکی دے چکے ہیں کہ شمالی کوریا کے معاملے میں اگر چین نے کچھ نہ کیا تو پھر امریکا خود ہی کوئی کارروائی کرنے پر مجبور ہو گا۔ ان تمام پابندیوں اور دھمکیوں کے باوجود شمالی کوریا نے بیلسٹک میزائل تجربات کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔