ملک کے مسلمانوں پر نکالا جائے گا معاشی بد حالی کا غصہ: جسٹس کاٹجو

01:56PM Tue 8 Oct, 2019

نئی دہلی: ملک میں سلگتے ہوئے مسائل پر اپنی بے باک رائے کے لئے مشہورسپریم کورٹ کے سابق جسٹس مارکنڈے کاٹجو نے کہا کہ مغربی بنگال میں بی جے پی کے پروپیگنڈہ کی وجہ سے بنگالی ہندو بھی فرقہ پرست سوچ کے شکار ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی ’تقسیم کرو‘ پالیسی سے کسی کوفائدہ ہونے والا نہیں ہے اور اس کا تجربہ سیاسی پارٹیوں کو ہوچکا ہے اس لئے ملکی اتحاد اور فرقہ وارانہ یکجہتی ہی ملک کی ترقی اور امن وامان کی ضمانت دے سکتی ہے۔
کاٹجو نے طویل خاموشی کے بعد آج ملک کے معاشی بحران، این آرسی، فرقہ پرستی جیسے کئی سلگتے مسائل کو لے کرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کوسخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اپنی خامیوں کو چھپانے کے لئے نئے نئے ایشو کو ہوا دینا موجودہ حکومت کا مشغلہ بن چکا ہے۔ جبکہ عوام دو وقت کی روزی روٹی کے لئے دن رات ایک کیے ہوئے ہیں، باوجود اس کے لئے انہیں اپنے خاندان کے لئے دو وقت کے کھانے کا انتظام کرنا مشکل ہو رہا ہے لیکن حکومتوں کو اس کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔
ٹوئٹر پر یکے بعد دیگرے اپنے سلسلہ وار ٹوئٹس میں جسٹس مارکنڈے کاٹجو نے کہا کہ مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ اور ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کی سربراہ ممتابنرجی کی مسلم خوشنودی حاصل کرنے والی پالیسی سے بھی ماحول خراب ہو رہا ہے۔ انہوں نے آگے لکھا کہ میری معلومات کے مطابق مغربی بنگال کے ہندوؤں کی بڑی تعداد بی جے پی کے پروپیگنڈے اور ممتا بنرجی کی مسلمانوں کو رجھانے کے لئے تیار کردہ پالیسیوں سے فرقہ پرستانہ سوچ پیدا ہو رہی ہے۔
ملک کے مسلمانوں پر نکالا جائے گا معاشی بد حالی کا غصہ: جسٹس کاٹجو