کورونا کے تازہ معاملات کے بعد بھٹکل میں مدینہ کالونی اور اطراف کے علاقوں کو کیا گیا مکمل سیلڈ: گھبرانے کی نہیں احتیاط برتنے کی ضرورت

12:01PM Fri 8 May, 2020

بھٹکل: 8 مئی،20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل میں ایک ساتھ آج جمعہ کو بارہ افراد کی رپورٹ کورونا پوزیٹیو موصول ہونے کے بعد ان کے محلوں سمیت آس پاس کے محلوں کوبھی سیلڈ کیا گیا ہے اور آنے جانے پر مکمل پابندی لاگو کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ آج آئی رپورٹ میں مدینہ کالونی کے چھ  لوگ، کوگتی نگر کے تین لوگ، نوائط کالونی قومی شاہراہ پر ایک اور کے ایچ بی کالونی سے ایک شخص کورونا پوزیٹیو پایا گیا ہے ان میں دو حاملہ خواتین اور ایک پانچ مہینے کی بچی بھی شامل ہے۔ اطلاع کے مطابق اس معاملہ کے بعد مدینہ کالونی سمیت جامعہ آباد روڈ کڑی مشین کراس، نوائط کالونی کراس، جالی روڈ کراس، کے ایچ بی روڈ، کوگتی جانے والی سڑک اور عثمانیہ کراس کو مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے۔ اس موقع پر مجلس اصلاح و تنظیم کے ذمہ داران نے عوام کو ہمت اور حوصلہ رکھنے کی گزارش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان حالات سے نہ گھبرائیں بلکہ اللہ تعالیٰ پر بھروسہ رکھتے ہوئے اس سے دعا کریں اور مکمل طور پر اپنے گھروں میں ہی رہیں اس لیے کہ اس بیماری سے بچنے کا واحد ذریعہ اپنے گھروں میں رہنا اور سماجی دوری کو برقرار رکھنا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھٹکل کے بارہ لوگ کورونا پوزیٹیو پائے گئے ہیں اور علاج کے بعد سب کے سب صحت یاب ہوکر لوٹ آئے ہیں۔