سرجیکل اسٹرائک‘ کی قیادت کر چکے افسر کو راہل گاندھی نے دی بڑی ذمہ داری’
01:48PM Fri 22 Feb, 2019
کانگریس نے پاکستان کے مقبوضہ کشمیر (پی اوکے) میں 2016 میں کئے گئے سرجیکل اسٹرائک کے کمانڈر سبکدوش لیفٹننٹ جنرل ڈی ایس ہڈا کو حفاظتی امور پر پارٹی کے ’ٹاسک فورس‘ کا سربراہ بنایا ہے۔ یہ ٹاسک فورس ماہرین کی مدد سے قومی سلامتی پر پارٹی کا نقطہ نظر تیار کرے گا۔
کانگریس نے جنرل ہڈا کی قیادت میں اس ٹاسک فورس کے قیام سے پہلے جمعرات کو وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی حکومت پر سخت حملہ کرتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ پلوامہ حملہ اس کی خفیہ ناکامی کا نتیجہ ہے۔
پارٹی کا کہنا ہے کہ ٹاسک فورس کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ہڈا سیکورٹی شعبہ کے ماہرین سے بات چیت کریں گے اور اس کے بعد سیکورٹی کے معاملے پر پارٹی کا ویژن لیٹر تیار کریں گے۔
اس سے قبل، لیفٹیننٹ جنرل ہڈا نے کانگریس کے صدر راہل گاندھی سے ملاقات کی تھی اور اس میٹنگ کی تصویر پارٹی نے اپنے ٹویٹر ہینڈل پر پوسٹ کی تھی۔ پارٹی نے ٹویٹ کرکے یہ بھی کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل ہڈا ٹاسک فورس کے سربراہ ہوں گے اور وہی سیکورٹی ماہرین منتخب کر کے پارٹی کے سیکورٹی معاملات کا وژن لیٹر تیار کریں گے۔