ہندو پاک کے درمیان کشیدگی سے جوہری خطرے کی گھنٹی: امریکی میڈیا

12:57PM Sat 9 Mar, 2019

امریکی میڈیا نے خبردار کیا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشمیرکا مسئلہ جنوبی ایشیا میں ایٹمی جنگ کے لئے خطرہ بن سکتا ہے۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے اس جمعہ کو اپنے اداریے میں یہ خدشہ ظاہر کیا ۔ اخبار نے بین الاقوامی برادری کو آگاہ کیا ہے کہ جنوبی ایشیا کے دو جوہری اسلحہ یافتہ پڑوسی ممالک کے درمیان جاری کشیدگی خطرناک نتیجے پر پہنچ سکتی ہے۔ اداریہ میں کہا گیا کہ پاکستان میں واقع دہشت گرد تنظیم کی طرف سے انجام دیئے گئے پلوامہ دہشت گردانہ حملے میں سنٹرل ریزرو پولیس فورس کے 40 جوانوں کے شہید ہونے کے واقعہ کے بعد ہندوستان اور پاکستان نے ایک دوسرے کے علاقے میں ہوائی کارروائی کی۔
 دریں اثنا سینئر امریکی سینیٹر مٹ رومنی نے کہا کہ دہشت گرد دونوں ممالک کے درمیان مسلسل کشیدگی کی صورت حال پیدا کر رہے ہیں۔ امریکی سنٹرل کمان نے کشمیر میں امن کی بحالی کے لئے دہشت گردی کے خلاف جنگ کی ضرورت ظاہر کی ہے۔