آزاد نگر امام شافعی علاقے میں مسائل کا انبار لیکن کوئی پرسان حال نہیں
05:56PM Mon 29 Jul, 2013
آزاد نگر امام شافعی علاقے میں مسائل کا انبار لیکن کوئی پرسان حال نہیں
بھٹکلیس نیوز / 28 جولائی،2013
بھٹکل (نامہ نگار) آزاد نگر امام شافعی مسجد کے قریب کے علاقے میں عوام کئی سالوں سے مختلف طرح کے مسائل سے الجھ رہے ہیں لیکن وہاں کوئی ان کا پرسان حال نہیں ہے گویا بھٹکل جیسے ترقی یافتہ گاؤں میں ایک حصہ بھٹکل سے کٹ کر اپنی خستہ حالی اور بدحالی کی تصویر بنا ہوا ہے ۔ اس علاقہ میں جہاں دیکھو وہاں پانی اور کیچڑ جمع ہوا ہے نہ یہاں پانی کے گزرنے کے لئے نالیاں درست طور پر بنی ہیں اور نہ ہی عوام کو چلنے پھرنے کے لئے راستوں کا صحیح انتظام ۔ جیسے ہی بارش کا موسم اپنی آب و تاب کے ساتھ شروع ہوجاتا ہے یہاں کے مسائل بھی آہستہ آہستہ سر اٹھانے لگتے ہیں لیکن یہاں کوئی بھی پنچایت ممبر ان کے مسائل کو حل کرنے کی جانب توجہ نہیں دیتا حلانکہ آزاد نگر جیسا خوش حال علاقے میں جہاں چار سے پانچ پنچایت ممبران موجود ہیں لیکن یہ علاقہ بنیادی سہولیات تک سے محروم ہے ۔ یہاں کی عوام ہر طرح سے مسائل میں اُلجھی رہتی ہے ۔ ایک ہفتہ سے ہو رہی لگاتار بارش سے جہاں ریاست بھر میں جانی و مالی نقصان ہو رہاہے اور ندیاں خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہیں وہیں یہاں بھٹکل واطراف میں بھی اس کا کافی اثر دیکھا جا رہا ہے ۔ اس بارش کے نتیجہ میں یہ علاقہ بھی کافی متاثر ہورہاہے اور اس کی سڑکیں ندیوں کا منظر پیش کر رہی ہیں گویا راستوں پر چلنے کے لئے بھی یہاں غوطہ لگانے کی ضرورت پیش آرہی ہے ۔ اس علاقہ کی سڑک کے درمیان سے ایک بڑا نالہ گزرتا ہے جو بارش میں علاقہ کو دو حصہ میں بانٹنے کا کام کر ہرا ہے ۔ ان دنوں ہو رہی زوردار بارش کی وجہ سے عوام دو حصوں میں تقسیم ہوگئی ہے اور یہاں کے لوگ نہ اُس طرف جا پاتے ہیں اور نہ اُس طرف کے لوگ اس پار آسکتے ہیں ۔ عوام کے مطابق یہ وہی بڑا نالہ ہے جس میں گزشتہ سال اسکول کے دو طالب علم بہہ کر فوت ہو گئے تھے ۔ عوام کے مطابق اس علاقہ کی دیکھ ریکھ کرنے والا کوئی نہیں ہے اور جواس علاقہ کے پنچایت ممبر ہیں وہ صرف نام کے ہیں ، ان سے جب عوام اس علاقہ سے متعلق مسائل کو لیکر جاتی ہے اور گزارش کرتی ہے کہ وہ اس کو حل کریں تو انہیں صاف جواب ملتا ہے کہ ’’میں اس علاقہ کا ممبر نہیں ہوں ۔ بلکہ صرف آزاد نگر کا ممبر ہوں ‘‘۔ واضح رہے کہ یہ محلہ تقریباً 40سال پرانا محلہ ہے اور یہاں رہنے والا ایک بڑا طبقہ مزدوری کرتا ہے ۔ یہاں کی عوام نے میڈیا کے ذریعہ پنچایت اور اس کے ممبران سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سلسلہ میں اقدامات کریں اور ان کے مسائل کو حل کرنے کی جانب توجہ دیں ۔