بیرونی ملکوں میں رکھے گئے کالے دھن کا پورا اندازہ نہیں : حکومت

12:29PM Tue 7 Aug, 2018

بیرون ملکوں میں چھپا کر رکھے گئے کالے دھان کا اب تک باضابطہ پوری طرح اندازہ نہیں لگایا جاسکتا ہے پھر بھی ملک کے اندر او رباہر بے حساب آمدنی اور جائیداد کے سلسلے میں ایک مطالعہ کرایا گیا ہے اور اسے پارلیمنٹ کی مالیاتی امور سے متعلق اسٹینڈنگ کمیٹی کو سونپ دیا گیا ہے۔ وزیر خزانہ پیوش گوئل نے آج راجیہ سبھا میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بیرونی ملکوں میں رکھے گئے کالے دھن کا سرکاری طورپر پورا اندازہ نہیں لگایا گیا ہے لیکن ملک کے باہر اور اندر بے حساب آمدنی اور جائیداد کے سلسلے میں نیشنل پبلک فائنانس اینڈ پالیسی انسٹی ٹیوٹ ، نیشنل فائنانس مینجمنٹ انسٹی ٹیوٹ اور ایک دیگر ادارہ سے مطالعہ کرایا گیا ہے ۔ حکومت کے جواب کے ساتھ اس رپورٹ کو پارلیمنٹ کی مالیات سے متعلق اسٹینڈنگ کمیٹی کے حوالے کردیا گیا ہے۔
مسٹر گوئل نے کہا کہ دو لاکھ شیل کمپنیوں کا رجسٹریشن منسوخ کردیا گیا ہے جن میں سے صرف پانچ ہزار کمپنیاں واپس آسکی ہیں۔ اس کے بعد اسی ہزار شیل کمپنیوں کو نوٹس جاری کیا گیا ہے اور بے نامی جائیداوں کا پتہ لگایا جارہا ہے۔ شیل کمپنیوں کے خلاف انکم ٹیکس محکمہ بھی کارروائی کررہا ہے۔