بحرالکاہل میں آئے سمندرطوفان میں کئی جزائر سے رابطہ منقطع
02:23PM Mon 16 Mar, 2015
وانواتو،16مارچ(ایجنسی)وانواتو کے صدر نے کہا ہے کہ جنوبی بحرالکاہل میں آنے والے حالیہ سمندری طوفان کی وجہ سے دارالحکومت کی 90 فیصد عمارتیں تباہ ہو گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سائیکلون پام کی وجہ سے چھ ہلاکتوں کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ تیس زخمی ہوئے ہیں۔ Baldwin Lonsdale نے عالمی مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس طوفان نے وانواتو کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ اس جزیرہ ریاست کے دیگر اَسّی جزیروں کے ساتھ ابھی تک کوئی رابطہ قائم نہیں ہو پا رہا ہے۔ گزشتہ ویک اینڈ پر آنے والے اس طوفان کو ایشیا پیسیفک کی تاریخ میں سب سے زیادہ خطرناک اور شدید سائیکلون قرار دیا جا رہا ہے۔ اس قدرتی آفت کی تباہی سے نمٹنے کے لیے آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور جاپان نے اپنی اپنی امدادی ٹیمیں وانواتو روانہ کر دی ہیں۔