محکمۂ بہبودئ خواتین واطفال کی جانب سے یتیم لڑکی کی شادی
04:02PM Thu 18 May, 2017
بنگلورو۔(بھٹکلیس نیوز)بچہ مزدوری میں ملوث یتیم لڑکی کو محکمۂ بہبودی خواتین واطفال کے ذریعہ چل رہے یتیم خانہ میں شامل کیا گیاتھا اور اس لڑکی کی آج ہوسور روڈ پر واقع یتیم خانہ میں محکمہ کے افسران کی موجودگی میں شادی عمل میں آئی۔چیترا کے ایس نامی یتیم لڑکی سے شہر کے روپیش کمار نے شادی رچائی ،ا س موقع پر محکمہ کے افسران رتنا ، گیتا پاٹل،اور پٹا رتنا کے علاوہ لڑکے کے رشتہ دار موجود تھے۔ بتایاجاتاہے کہ روپیش کمار نجی کمپنی میں ملازمت کرتے ہیں اور شہر میں انکا خاص مکان بھی ہے۔ان کی خواہش تھی کہ وہ کسی یتیم لڑکی سے شادی کرکے اسے سہارا دیں۔ جب والدین کے روبرو اپنی خواہش کا اظہار کیا تو انہوں نے اس پر رضامندی ظاہر کی اور آج چتراسے ان کی شادی عمل میں آئی۔محکمہ کے ذریعہ قانون کے مطابق انہیں 20؍ ہزار روپے فراہم کئے جائیں گے، جن میں سے پندرہ ہزار فکسڈ ڈپازٹ میں رکھے جائیں گے۔محکمہ کی جانب سے شادی سے قبل لڑکے سے متعلق مکمل چھان بین کی گئی اور پولیس سے بھی این او سی حاصل کی گئی۔ اب تک اس یتیم خانے میں چار شادیاں عمل میں آئی ہیں۔ عنقریب مزید دو یتیم لڑکیوں کی شادی عمل میں آنے والی ہے۔