جموں وکشمیر: راجناتھ سنگھ کا بلدیاتی وپنچایات انتخابات میں حصہ لینے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل

02:55PM Mon 17 Sep, 2018

وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ نے پیر کو سبھی سیاسی جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جموں وکشمیر میں آئندہ پنچایت اور بلدیاتی انتخابات میں شرکت کریں۔ ان کی یہ اپیل ریاست کی دو اہم علاقائی پارٹیوں نیشنل کانفرنس (این سی) اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے ان الیکشن میں حصہ نہیں لینے کے اعلان کے بعد کی گئی ہے۔ دونوں پارٹیوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ الیکشن میں حصہ نہیں لیں گے کیونکہ مرکز نے آئین کے دفعہ 35 اے پر اپنا رخ واضح نہیں کیا ہے۔  سابق وزیراعلیٰ اور این سی کے سربراہ فاروق عبداللہ نے  تو یہ بھی اعلان کردیا ہے کہ وہ بلدیاتی اور پنچایت انتخابات ہی نہیں لوک سبھا اوراسمبلی انتخابات کا بھی بائیکاٹ کریں گے۔
 راجناتھ سنگھ نے پریس کانفرنس میں کہا "میں سبھی پارٹیوں سے اپیل کرنا چاہتا ہوں کہ وہ سیاسی عمل میں حصہ لیں۔ یہ انہیں عوام سے بات چیت کا موقع فراہم کرائے گا۔ سال 1954 میں صدر جمہوریہ کے حکم کے مطابق آئین میں دفعہ 35 اے کو شامل کیا گیا اور اس سے جموں وکشمیر کے شہریوں کو خصوصی اختیارات ملے۔
اس آرٹیکل کے تحت ریاست سے باہر کے شخص سے شادی کرنے والی خاتون کو جائیداد کا حق نہیں ہوگا۔ اس آرٹیکل کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے اورمعاملہ ابھی زیرغورہے۔ایک سوال کے جواب میں وزیرداخلہ نے کہا کہ ہندوستان پاکستان کے ساتھ تعلقات سدھارنے کے لئے تمام کوششیں کررہا ہے اور اپنی بات کی تصدیق کے لئے انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی کے پاکستان کے اچانک دورہ کا بھی حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ّہم لوگ پاکستان کے برتاو کو نہیں بدل سکتے۔ اسے (پاکستان کو) یہ سمجھنا ہوگا کہ پڑوسی کے ساتھ کیسے برتاو کرنا چاہئے'۔ اس سے قبل راجناتھ سنگھ نے یہاں ہند- پاک سرحد کے قریب دو جدید تجربہ کاری منصوبوں کا افتتاح کیا۔  اس موقع پر وزیرداخلہ نے سرحد کے تحفظ کو سب سے اولین ترجیح قرار دیا۔