کرناٹک میں برقی خریدی میں بڑے پیمانے پر بد عنوانیوں کا الزام

12:40PM Wed 16 Jul, 2014

بھٹکلیس نیوز/16جولائی ،14 6سال کے دوران برقی کی خریدی پر 17480کرور کے بے جا مصارف، تحقیقات کروانے کمار سوامی کا مطالبہ بنگلور/ سابق چیف منسٹر ایچ ڈی کمار سوامی نے برقی خریدی میں بڑے پیمانے پر بد عنوانیاں ہونے کا الزام عائد کیا ہے ۔ اُنہوں نے آج کرناٹک اسمبلی میں وزرت ایندھن کے مطالبات زر پر ہوئے مباحث میں حصہ لیتے ہوئے گذشتہ20سالوں کے دوران برقی خریدی اور درستگی کے اُمورپر کئے گئے مصارف کی ہاؤس کمیٹی کی جانب سے تحقیقات کروانے کا مطالبہ کیا۔ ایچ ڈی کمار سوامی نے اعداد و شمار بیان کرتے ہوئے کروڑوں روپیوں کی بدعنوانیوں کی تفصیلات بیان کی ۔ اُنہوں نے بتایا کہ گذشتہ6سالوں کے دوران برقی خریدی کے لئے 17480.5کروڑ روپیوں کے بے جا مصار ف کئے گئے ہیں ۔ اُنہوں نے سابقہ بی جے پی حکومت اور ایس ایم کرشنا حکومت میں برقی خریدی اور درستگی کے لئے بڑے پیمانے پر بے قاعدگیاں کئے جانے کا الزام عائد کیا ۔ کمار سوامی نے بتایا کہ بی جے پی حکومت میں سال2006-07کے دوران برقی خریدی پر 16.63کروڑ کے مصارف کئے گئے جبکہ سال2012-13کے دوران برقی خریدی کے مصارف میں 4839.27کروڑ کا اضافہ ہوا ۔ 2013-14تک برقی خریدی پر کل 17480.5کروڑ کے مصارف کئے گئے ہیں ۔ سابق چیف منسٹر ایچ ڈی کمار سوامی نے مزید کہا کہ چیف منسٹر بی ایس یڈی یورپا کے دور میں وزیر اینڈھن شوبھا کرلاندجے نے برقی ٹرانس فارمرس کی تنصیب و تبدیلی پر 400کروڑ کے مصارف کئے لیکن یہ ٹرانس فارمر کہاں کہاں نصب اور تبدیل کئے گئے اس کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں ۔ چیف منسٹر ایس ایم کرشنا کی حکومت میں دیہی علاقوں میں برقی سربراہی کو بہتر بنانے کے منصوبہ پر 600کروڑ روپئے خرچ کئے گئے ۔ لیکن دیہی علاقوں میں برقی سربراہی میں کسی قسم کا سدھار نہیں ہوا۔ کمار سوامی نے برقی خریدی اور درستگی کے لئے کئے گئے مصارف میں بڑے پیمانے پرہوئی بد عنوانیوں کی ہاؤس کمیٹی کے ذریعہ اندرون3ماہ تحقیقات کروانے اور خاطیوں کے خلاف سخت قانونی چارہ جوئی کرنے کا پرزور مطالبہ کیا۔ سابق چیف منسٹر ایچ ڈی کمار سوامی کی جانب سے کرناٹک اسمبلی میں برقی خریدی کی مقدار اور مصارف میں کئے گئے اضافہ کی اعداد و شمار کے ساتھ بیان کردہ تفصیلات اس طرح ہیں ۔ برقی خریدی کی مقدار میں اضافہ 2007-08 0.1فیصد 2008-09 4.69 فیصد 2009-10 4.24فیصد 2010-11 16.42فیصد 2011-12 11.77فیصد 2013-13 19.29فیصد 2013-14 11.02فیصد برقی خریدی کے مصارف میں ہوا اضافہ 2006-07 16کروڑ 2007-08 28کروڑ 2008-09 1337کروڑ 2009-10 1155کروڑ 2010-11 3903کروڑ 2011-12 3035کروڑ 2012-13 4839کروڑ 2013-14 3191کروڑ