New Shams School Students Hold Anti-Drug Rally in Bhatkal, Urge Ban on Sale of Narcotics Near Educational Institutions

05:10PM Mon 16 Nov, 2026

بھٹکل: 16 نومبر، 2026 (بھٹکلیس نیوز بیورو)   منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف عوامی بیداری پیدا کرنے اور نوجوان نسل کو اس کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے کے مقصد سے  ادارہ تربیت اخوان کے تحت چلنے والے نیو شمس اسکول  کے طلبہ نے   بھٹکل پولس کے اشتراک کے ساتھ آج   ایک منشیات مخالف بیداری ریلی نکالی۔

ریلی کا آغاز صبح 10:30 بجے  عیدگاہ کے قریب واقع نیو انگلش اسکول سے ہوا،  جس کے بعد یہ ریلی  شمس الدین سرکل سے ہوتے ہوئے قومی شاہراہ کے راستے منی ودھان سودھا پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں چھٹی سے دسویں جماعت تک کے طلبہ نے شرکت کی اور دورانِ ریلی منشیات کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے عوام کو اس کے خطرناک اثرات سے آگاہ کیا۔

ریلی کے اختتام پر طلبہ کی جانب سے اسسٹنٹ کمشنر کو ایک میمورنڈم پیش کیا گیا، جس میں تعلیمی اداروں کے اطراف نشہ آور اشیاء کی فروخت پر پابندی عائد کرنے، ایسے مقامات پر کڑی نظر رکھنے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ میمورنڈم میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ اسکولوں کے ماحول کو منشیات سے پاک رکھنے کے لیے متعلقہ حکام مؤثر اقدامات کریں۔

اسسٹنٹ کمشنر نے میمورنڈم وصول کرتے ہوئے اس تعلق سے کارروائی کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

اس موقع پر ادارہ تربیت اخوان کے ذمہ داران مولانا ضیاء الرحمٰن ندوی، مولانا عزیز الرحمٰن ندوی، یونس رکن الدین کے علاوہ اسکول کے اساتذہ اور  پولس کا عملہ بھی موجود رہا۔