فارسی نیٹ(NET) کے پچاس سے زائد غلط جوابات سی بی ایس ای نے جاری کیے
03:42PM Tue 1 Sep, 2015
بھٹکلیس نیوز / 01 ستمبر،2015
نیو دہلی / (راست) سی بی ایس ای کے ذریعہ۲۸؍جون کو منعقدامتحان براے اہلیت لکچرار اور جونیر ریسرچ فیلوشپ(سی بی ایس ای ۔نیٹ) کے جوابات سی بی ایس ای نے ۱۸؍ اگست کو جاری کر دیے۔ ان جوابات کے جاری کرنے میں سی بی ایس ای نے نہایت غیر ذمہ دارانہ رویہ ا ختیار کیا ہے جس کی وجہ سے ہزاروں طلبہ کا مستقبل تاریک ہو گیا ہے۔بنارس ہندو یونیورسٹی کے شعبہ عربی کے ریسرچ اسکالر ارمان احمد نے بتایا کہ عربی کے پرچہ میں جہاں دس سے زائد غلط جوابات دیے گئے ہیں وہیں فارسی میں ساری حدیں ٹوٹ گئی ہیں ۔فارسی میں یہ تعداد پچاس کے حد کو تجاوز کر گئی ہے۔واضح ہو کے نیٹ کے امتحان میں تین پرچہ ہوتے ہیں جس میں پہلا پرچہ جنرل اسٹڈیز اور دوسرا ،تیسرا اس مضمون سے متعلق ہوتا ہے۔دوسرے اور تیسرے پرچہ میں بالترتیب۵۰؍ اور ۷۵؍ سوالات ہوتے ہیں۔ سی بی ایس ای ۔نیٹ نے اپنی ویب سائٹ پر جو جوابات جاری کیے ہیں اس میں فارسی کے دوسرے پرچہ میں ۳۰؍ اور تیسرے میں۴۱؍ سوالات کے غلط جوابات ہیں ۔وہیں عربی کے دونوں پرچوں میں یہ غلطی ۱۳؍ ہے۔یہ کارنامہ سی بی ایس ای کی غیر ذمہ دارانہ کارگردگی کا مظاہرہ کرتی ہے،اور ہمیں یہ احساس دلاتی ہے کہ سی بی ایس ای فارسی اور عربی کو کوئی اہمیت نہیں دیتاہے۔یہ غلطیاں فارسی اور عربی کے طلبہ کے مستقبل سے کھلواربھی ہے۔
واضح ہو کہ یہ جوابات اس لیے جاری کیے جاتے ہیں کہ اگر کسی امیدوار کو کسی جواب پر اعتراض ہو تو وہ سی بی ایس ای ۔نیٹ کی سائٹ پر جا کر اپنے رجسٹریشن نمبر ڈال کر ان سوالوں کے صحیح جوابات مع حوالے کے لکھ دے۔لیکن اس کے ساتھ ہی سی بی ایس ای نے فی اعتراض ایک ہزار روپیہ کی فیس مقرر کر دی۔یہ فیس ادا کرنا غریب طلبہ کے لیے نہایت مشکل امر ہے۔فارسی اور عربی کے طلبہ نے سی بی ایس ای اور یو جی سی کے ذمہ داران کو خط لکھ کران غلطیوں کو درست کر کے نئے جوابات جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے ساتھ ہی یہ بھی کہا ہے کہ آئندہ سے اعتراضات کے لیے کوئی فیس نہیں وصولی جاے۔ واضح ہو کہ پہلے نیٹ کا امتحان یو جی سی منعقد کرتا تھا۔