شہرگلستان بنگلورو میں جشن یوم اردو کا اہتمام، ریلی میں ہزاروں طلبا شامل

04:26PM Fri 10 Feb, 2017

اردو زبان پیام امن وامان کے نعرے کے ساتھ کرناٹک کے دارالحکومت بنگلورو میں یوم اردو منایا گیا۔ یوم اردوکےموقع پراردوکی ریلی نکالی گئی۔ بڑی تعداد میں طلبا اوراساتذہ نےریلی میں شرکت کی۔ کرناٹک کا دارالحکومت بنگلورو’’اردو زندہ آباد‘‘ کے نعروں سے گونج اُٹھا۔ شہرکے قلب میں واقع شیواجی نگرکےچھوٹے میدان میں یوم اردو کی ریلی کا افتتاح عمل میں آیا۔ قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے سابق ڈائریکٹر ڈاکٹر خواجہ اکرام الدین نےریلی کا افتتاح کیا۔ چھوٹے میدان سے نکلا اردو کا یہ کارواں گنیش مندر، سینٹ بسلیکا چرچ،کمبل پوش درگاہ سےہوتے ہوئے امبیڈکربھون میں اختتام پذیرہوا۔ یہ پورا جلوس یہ پیغام دے رہا تھا کہ اردو کسی ایک مذہب، علاقہ یاخطہ کی زبان نہیں ہے بلکہ اردو میں ہررنگ، ہرنسل اور ہر مذہب شامل ہے۔ اردو ایک عالمی زبان ہے اورانسانیت ،اخوت اور محبت کا پیغام دیتی ہے۔ اردو کےاسی پیغام کو عام کرنے کیلئے بنگلورو میں ہرسال یوم اردومنایا جا رہا ہے۔ اس موقع پراردو کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ دینے کا مطالبہ کیا گیا۔ فروغ اردوکے لئے کئی مطالبات کئے گئے۔ محفل نسائی، یوم اردو کمیٹی، کرناٹک اردواکیڈمی اور آئی ایم اے کے اشتراک سے جشن یوم اردو منایاگیا۔