بھٹکل کے مسائل کو لے کر سی پی آئی سریش نائک نے بلائی اہم میٹنگ

02:32PM Thu 27 Oct, 2016

بھٹکلیس نیوز / 27 اکتوبر بھٹکل / (رضوان گنگاولی) بھٹکل کے بہت سے مسائل کو لے کر آج صبح بھٹکل کے سی پی آئی مسٹر سریش نائک نے اہم میٹنگ بلائی جس میں انہوں نے بھٹکل کے چار اہم مسائل کی طرف ذمہ داران کی توجہ مبذول کراتے ہوئے ان سے اس سلسلہ میں مشورے طلب کئے۔ سی پی آئی سریش نائک نے بھٹکل کے مختلف مقامات پر لگائے گئے سی سی ٹی وی کیمرہ کے تعلق سے جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ بھٹکل میں تقریباً 64/جگہوں پر ایسے کیمرے لگائے گئے ہیں جس سے 24/گھنٹے نگرانی کی جاتی ہے، انہوں نے اس کے لگانے سے حاصل ہورہے فوائد کو بتاتے ہوئے کہا کہ ان کیمروں کے لگانے سے آج کل چوریاں کم ہورہی ہیں، تاہم انہوں نے اس موقع پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب چور ان گھروں کو نشانہ بنارہے ہیں جہاں بوڑھے لوگ رہتے ہیں یا پھر اس گھر کے مکین خلیج میں سکونت اختیار کئے ہوئے۔ موصوف سی پی آئی نے ذمہ داران سے درخواست کی کہ وہ کسی کے تعاون سے محلوں کے اندر اور دیگر اہم مقامات پر کیمرہ لگانے کی کوشش کریں۔ انہوں نے آئندہ دنوں میں کیمرہ کی نئی ٹیکنالوجی کو بھٹکل میں لانے کی بھی بات کہی۔ دوسری اہم بات کی طرف انہوں نے توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ بھٹکل میں ٹرافک بہت زیادہ بڑھ گئی ہے اور اس کا ایک اہم سبب بغیر لائسنس کے گاڑیاں چلانا ہے، انہوں نے ذمہ داران سے کہا کہ اس سلسلہ میں کوئی سخت اقدام اٹھائیں۔ موصوف سی پی آئی نے صاف صفائی کا مسئلہ بھی سامنے رکھا اور اس جانب بھی توجہ دینی کی درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لئے عورتوں کو خاص طور پر سمجھانا چاہئے اور انہیں پلاسٹک کے استعمال میں کمی لانے پر ابھارنا چاہئے۔ اس موقع پر انہوں نے راستوں پر چھوڑے جارہے مویشیوں کو بھی اپنے گھروں میں باندھنے کی بات کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلہ میں انہوں نے  میونسپال عملہ سے بھی بات کی ہے اور وہ بھی اس تعلق سے بہت جلد کارروائی کرنے والے ہیں۔ اس موقع پر تنظیم کے ذمہ داران اور دیگر حضرات موجود تھے۔ Police-Meet-01