گاندھی جی کے خواب کو پورا کرنے عوام کا تعاﺅن ضروری۔دیشپانڈے

04:01PM Sat 2 May, 2015

بھٹکلیس  نیوز/2,مئی،15 کاروار (ایجنسی) بابائے قوم مہاتما گاندھی کا انڈیا کلین کا خواب آزادی کے 68 سال گذرنے کے باﺅجود شرمندہ تعبیر نہیں ہوا ہے، ان کے خواب کو پورا کرنے کے لئے اور پورے ملک کو صاف وشفاف رکھنے کے لئے عوام کا تعاﺅن نہایت ضروری ہے، جب تک ملک کا ہر شہری ملک کی صاف صفائی مہم میں حصہ نہیں لے گا اور کم ازکم اپنے اپنے حلقہ کی صفائی کی ذمہ داری نہیں لے گا، اُس وقت صفائی مہم کامیاب نہیں ہوگی، یہ بات اُترکنڑا ضلع انچارج وزیر آر وی دیش پانڈے نے کہی، وہ کاروار میں گرام پنچایت ڈیولپمنٹ آفسرس کے اعزاز میں رکھے گئے پروگرام کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کررہے تھے۔ یہ پروگرام ضلع پنچایت دفتر میں جمعہ کو منعقد کیا گیا تھا جس کے دوران سوچ بھارت مشن کے تحت کئی ترقیاتی کاموں کو انجام دینے پرکئی آفسرس کی تہنیت کی گئی۔دیش پانڈے نے اپنے خطاب میں کہا کہ مرکزی حکومت اور ریاستی حکومت صاف صفائی پر بہت زیادہ زور دے رہی ہے اور اپنی جانب سے ہرممکن کوشش کررہی ہے کہ ملک کو صاف رکھا جائے اور کوڑا کرگٹ راستوں پر نظر نہ آئے، مگر یہ مہم اُس وقت تک کامیاب نہیں ہوسکتی جب تک کہ ہر شہری صاف صفائی کی طرف دھیان نہیں دے گا اپنی طرف سے اس مہم کے لئے تعاﺅن نہیں کرے گا۔آگے بتایا کہ جب آپ کے اطراف صاف صفائی ہوگی تو آپ کے ذہن بھی صاف ہوں گے اور اچھی سوچ پیدا ہوگی۔ انہوں نے عوام کی جانب سے منتخب اُمیدواروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ صاف صفائی مہم میں عوام کو بھی ساتھ لیں انہیں بھی ذمہ داریاں دیں اور سب کو ساتھ لے کر آگے بڑھیں، انہوں نے تہنیت حاصل کرنے والے آفسران سے کہا کہ وہ دوسروں کے لئے ایک مثال بنیں۔ضلع اُترکنڑا میں سیاحت کو ترقی دینے کے پروگرام کے تعلق سے گفتگو کرتے ہوئے دیش پانڈے نے بتایا کہ اس کے لئے ضلع کو 106 کروڑ روپئے منظور کئے گئے ہیں، جس کے تحت کاروار میں معروف ایڈونچر اسپورٹس اور مرڈیشور میں اسکوبا ڈائیونگ پروجکٹ کا منصوبہ بنایاجارہا ہے۔ دیش پانڈے نے اس موقع پر حکومت کی جانب سے جاری کی گئی مختلف اسکیموں کا بھی تذکرہ کیا اور عوام سے ان اسکیمات سے فائدہ اُٹھانے کی اپیل کی، انہوں نے کہا کہ سرکار ہر بچے کو تعلیم ضروری قرار دیتی ہے جس کے لئے مڈدے میل سمیت کئی اسکیمات جاری کی گئی ہیں، مگر اس کے باﺅجود یہ افسوس کا مقام ہے کہ مزدوروالدین اپنے بچوں کو اسکول بھیجنے کے بجائے مزدوری کے لئے بھیجتے ہیں، انہوںنے کہا کہ ایسا کرکے اُن کے والدین اپنے بچوں پر ہی ظلم کررہے ہیں اور اُنہیں دھوکہ دے رہے ہیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اجول کمار گھوش، ضلع پنچایت چیف ایکزی کوٹیو آفسر رام پرساد منوہر اور ضلع ایس پی مسٹر آر دلیپ، ضلع پنچایت صدر سرسوتی گوڈا، نائب صدر لکشمی ھنبر، رکن اسمبلی ستیش سئیل و دیگر موجود تھے۔کاروار پروگرام کے بعد دیش پانڈے نے کمٹہ پہنچ کر انابھاگیہ اسکیم کے تحت غریبوں میں اناج تقسیم کیا۔ ع،ح،خ