Natiya Mushaira Held at Bhatkal

08:28PM Fri 11 Sep, 2026

بھٹکل : 11 ستمبر، 2026 (راست) ادارہ ادبِ اسلامی ہند، بھٹکل شاخ کی جانب سے 10 ستمبر جمعرات کی شب ایک بامقصد اور روح پرور 'طرحی نعتیہ مشاعرہ' کا انعقاد کیا گیا، جس میں تقریباً 50 تا 60 افراد نے شرکت کی۔ مشاعرہ کی صدارت ادارہ ادبِ اسلامی ہند، بھٹکل شاخ کے صدر ڈاکٹر حنیف شباب نے فرمائی۔

 

پروگرام کا آغاز سید صارم برماور کی تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا، جس کے بعد  محمد محتشم نے نعتِ رسولِ اکرم ﷺ پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔

مشاعرے کے لیے دو طرحی مصرعے دیے گئے تھے:

 

1۔ "پھر ترستے ہیں تجھے میرے زمانے والے"

2۔ "بےشک کلامِ پاک کی تفسیر آپ ہیں"

 

مختلف شعراء نے ان مصرعوں کی مناسبت سے اپنے اپنے نعتیہ کلام پیش کیے۔ اس موقع پر تقریباً دس شعراء نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے، جن میں ڈاکٹر حنیف شباب، جناب اقبال سعیدی، مولانا سید سالک ندوی، مولوی رائف کولا، مولوی شقران غازی، جناب رحمت اللہ رحمت، جناب الیاس آفاق سنھری، جناب عبدالعلیم شاد، جناب ہدایت اللہ کنڈلوری وغیرہ شامل تھے۔

 

مولوی شقران غازی نے بحیثیت ناظمِ مشاعرہ پروگرام کی نظامت کے فرائض انجام دیے۔ طرحی مصرع "پھر ترستے ہیں تجھے میرے زمانے والے" پر نعت عثمان غنی ہلارے نے پیش کی۔

 

اس موقع پرامیرِ مقامی جماعت اسلامی ہند، بھٹکل، مولانا زبیر مارکیٹ نے استقبالیہ کلمات پیش کیے اور جماعت اسلامی ہند کی جانب سے جاری سیرت مہم کی تفصیلات سے حاضرین کو آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس مہم کی آخری کڑی کے طور پر اس طرحی نعتیہ مشاعرے کا انعقاد کیا گیا ہے۔

 

پروگرام کے مہمانِ خصوصی جناب عبدالقادر باشاہ رکن الدین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ادارہ ادبِ اسلامی ہند، بھٹکل شاخ کی ادبی و دینی کاوشوں کو سراہا اور اس طرح کی بامقصد سرگرمیوں کو قابلِ قدر قرار دیا۔

 

واضح رہے کہ اس موقع پر علی باشا بسمل مرحوم کے کلام پر مشتمل کتاب ’’نوائے بسمل‘‘ کی بھی رونمائی عمل میں آئی۔ یہ کتاب ادارہ ادبِ اسلامی ہند، بھٹکل شاخ کے زیرِ اہتمام شائع ہوئی ہے۔ کتاب کی اشاعت مرحوم علی باشا بسمل کے ادبی و شعری سرمایہ کو محفوظ کرنے اور نئی نسل تک پہنچانے کی ایک قابلِ قدر کوشش ہے

مشاعرے کے اخیر میں شعراء کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں مومنٹو پیش کیے گئے۔ حاضرین کے لیے تواضع کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔

 

آخر میں سکریٹری ادارہ ادبِ اسلامی ہند، بھٹکل شاخ، مولوی عبداللہ ربیع نے تمام مہمانان، شعراء، منتظمین اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور پروگرام کے اختتام کا اعلان کیا۔

 

یہ طرحی نعتیہ مشاعرہ محبتِ رسول ﷺ، دینی شعور اور اردو ادب کے فروغ کی ایک خوبصورت کوشش ثابت ہوا، جسے شرکاء نے قدر و تحسین کی نگاہ سے دیکھا۔