یاسین بھٹکل اور اس کے ساتھیوں کو پھانسی پر چڑھانے کے لئے حیدر آباد تلنگانہ میں تختہ دار ہی نہیں
02:29PM Sat 24 Dec, 2016
بھٹکلیس نیوز / 24 دسمبر، 16
حیدر آباد / (ایجنسی) حیدر آباد کے دلسکھ نگر میں ہوئے دوہرے بم دھماکوں میں مجرم قرار دئے گئے ممنوعہ تنظیم انڈین مجاہدین کے بانی احمد عرف یاسین بھٹکل اور اس کے چار ساتھیوں کو پھانسی پر چڑھانے کے لئے تلنگانہ یا آندھرا پردیش میں انتظامات ہی نہیں ہیں۔ اطلاع کے مطابق ان دونوں ریاستوں میں پھانسی کے پھندے اور تربیت یافتہ جلاد بھی موجود نہیں ہیں۔ اس تعلق سے وضاحت کرتے ہوئے جیل کے افسر نے کہا کہ "طویل مدت سے سزائے موت نہ ہونے کی وجہ سے یہاں کی جیلوں میں پھانسی کے پھندے نہیں ہیں حلانکہ جیلوں کو نئے طریقہ سے مستحکم کیا گیا ہے لیکن اس میں پھانسی کے پھندے کا انتظام نہیں کیا گیا ہے"۔ انہوں نے مزید کہا کہ "انگریزوں کے زمانہ میں یہاں پھانسی کے پھندے موجود تھے لیکن گاندھی اسپتال کی توسیع کے لئے جیل کی عمارت کو منہدم کرکے شہر سے باہر چرلاپلی میں متنقل کیا گیا تھا، 1975/میں ایمرجنسی کے موقع پر مشیر آباد جیل میں دو نکسلیوں کو پھانسی دی گئی تھی اور 1976/میں راجا مندر جیل میں نمبی کرشنن کو جو پھانسی دی گئی تھی وہی اس ریاست میں آخری پھانسی تھی"۔ افسر نے یہ بھی کہا ہے کہ اگر پھانسی کا فیصلہ اٹل رہتا ہے تو اس کے انتظامات کے لئے ایک ہفتہ کا وقت کافی ہے۔
(ترجمہ: عبدالجبار اسدی)