مسلمان قرآن سے تعلق پیدا کریں: اختلافات ختم کریں

01:59PM Wed 2 Aug, 2017

مدرسہ عربیہ اکبر العلوم میں مفتی شعیب اللہ خان کا خطاب بنگلور:(بھٹکلیس نیوز) قرآن سے تعلق پیدا کریں قرآن کو سمجھ کر اس پر عمل کریں اور قرآن کی تعلیمات کو دوسروں تک پہنچانے کی کوشش کریں۔ مسلمان آپسی اختلا فات کو ختم کرکے متحد ہوجائیں ۔ یہ بات مولانا مفتی محمد شعیب اللہ خان مفتاحی مہتمم مدرسہ مسیح العلوم نے کل رات یہاں چامنڈ ی نگر میں مدرسہ عربیہ اکبر العلوم میں شعبہ حفظ کی شروعات اور مدرسہ کی نئی عمارت کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ آپ نے کہا کہ آج حا لات خراب ہیں ہمیں غور وفکر کرنے اور اللہ کی طرف متوجہ ہونے اور لوگوں کو اللہ کی طرف متوجہ کرانے کی ضرورت ہے ۔ مفتی صاحب نے افسوس کے ساتھ بتا یا کہ آج امت کا ایک بہت بڑا طبقہ قرآن سے دور ہے۔ اور قرآن کے علم کو جاننے کی کوشش نہیں کرتا دنیاوی علوم ماڈرن ایجوکیشن کو جتنی اہمیت دی جاتی ہے اتنی اہمیت قرآنی علوم کے سیکھنے کو نہیں دی جاتی۔ آج لوگ دنیا کے پیچھے پڑے ہیں ہمارے بہت سارے مسلمان بھائی بھی دنیا کے پیچھے پڑے ہیں مفتی شعیب صاحب نے کہا کہ آپ دنیاوی علوم ضرور پڑھائیں ا سکے ساتھ دینی علوم کو بھی پڑھائیں ورنہ ہم سب کچھ جاننے کے باوجود دینی علم نہ ہو تو جاہل ہی رہ جائیں گے۔ آپ نے کہا کہ آج انسان آسمان، زمین، ہوا ،پانی، چاند، سورج، سمندر ، جنگلات وغیرہ مخلوق کے بارے میں جاننے اور سمجھنے کی کوشش میں لگا ہے چیزوں سے چیزوں کو جاننے میں لگا ہے لیکن چیزوں اور مخلوق کے بنانے والے کو پہنچاننے کی کوشش نہیں کررہا ہے۔ ان چیزوں کوبنانے والا مالک کون اور یہ چیزیں کیوں بنائیں او روہ کیا چاہتا ہے اس سوال کا جواب مخلوق نہیں دے سکتی بلکہ مالک سے تعلق رکھنے والے انبیاء ہی بتاسکتے ہیں مفتی صاحب نے بتایا کہ دنیا میں ایک لاکھ24ہزار انبیاء آئے اور آخری نبی حضرت محمد ﷺ ہیں آپؐ نے قرآن اور شریعت کے ذریعہ بتا دیا کہ ہم کون ہیں ہمیں کیا کرنا ہے اللہ سے تعلق کیسے پیدا کرنا اور کیسی زندگی گذارنا ہے اسی کو د ینی تعلیم کہتے ہیں جو نجات کا ذریعہ اور اللہ سے پہچان کرانے والا ذریعہ ہے آپ نے مسلمانوں سے درخواست کی ہے اپنے بچوں کو دینی علوم سے محروم نہ کریں مفتی شعیب صاحب نے مدرسہ اکبری میں شعبہ حفظ کے بچوں کو قرآن پڑھا کر شعبہ حفظ کی شروعات کی۔ اور مدرسہ کی نئی عمارت کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر مدرسہ شاہ ولی اللہ کے استاد مفتی محمد شمس الدین نے مسلمانوں سے درخواست کی کہ بچوں کو قرآن پڑھانے میں غفلت نہ کریں کم از کم خاندان میں ایک حافظ ضرور بنائیں تا کہ وہ خاندان والوں کی اصلاح اور رہنمائی کرے سکے۔مفتی شمس الدین نے اکبری مسجد کے ذمہ داروں کو مدرسہ میں شعبہ حفظ کی شروعات اور نئی عمارت کی تعمیر پر مبا رکباد پیش کی۔ اس تقریب میں جناب مشتاق حسین نے لڑکیوں کے مدرسہ کیلئے اپنی ایک جگہ وقف کرنے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر مقامی کارپوریٹر جناب عبدالواجد اطراف وکناف کی مساجد کے خطیب اورائمہ حضرات شریک تھے جن میں مسجد صبا کے مو لانا عمرافصل ، مسجد بلال کنکا نگر کے مولانا خالد، مسجد اخلاص کے مولانا ذی شان، مسجد کوثر کے مولانا فیاض باقوی وغیرہ شامل تھے۔ مدرسہ عربیہ اکبر العلوم کے ناظم مولانا اسرار احمد نے نظامت اور مسجد اکبری کے خطیب وامام مولانا اویس صاحب نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اکبری مسجد کے صدر جناب اللہ بخش نے مہمانوں کی شال پوشی کی۔