ایس ڈی پی آئی لیڈر کوسپا کی رحلت پارٹی کے لیے ناقابل تلافی نقصان۔ عبد الحنان
04:54PM Fri 26 May, 2017
بنگلور (بھٹکلیس نیوز) ۔ سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا کے ریاستی کمیٹی ورکنگ رکن کوسپا کی اچانک رحلت پر پارٹی ریاستی صدر عبدالحنان اور ریاستی ایگزیکٹیو کمیٹی نے اپنے گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔ریاستی صدر عبدالحنان نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ دورہ قلب سے کوسپپا کی اچانک رحلت سے پارٹی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔پتور سے تعلق رکھنے والے کوسپا پارٹی کے قیام سے ہی سرگرم رہے ہیں اور انہوں نے پارٹی اور عوام کے لیے آخری سانس تک کام کیا ۔وہ عوام کے لیے ہمیشہ فکر مند رہتے تھے اور ایک وفادار اور منجھے ہوئے سیاستدان تھے،جن کی سیاسی زندگی کسی قسم کے داغ سے پاک تھی۔ انہوں نے پتور میں امبیڈکر بھون کی تعمیر کے لیے مسلسل جدوجہد کی تھی۔ 2013 کے اسمبلی انتخابات میں کوسپپا نے دکشن کننڈا میں سلیا اسمبلی حلقہ سے ایس ڈی پی آئی کے امیدوار کے طور پر انتخابات میں حصہ لیا تھا۔کوسپا ریاست بھر میں ایک معروف لیڈر کے طور پر جانے جاتے تھے۔ انہوں نے پارٹی میں دکشن کننڈا ضلعی ذمہ دار کی حیثیت سے پا رٹی میں اپنے سفر کا آغاز کیا تھا اور ریاستی ورکنگ کمیٹی رکن کی ذمہ داری تک پہنچ کر پارٹی کے سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔ وہ ایک حقیقی سیکولرسٹ اور سوشلسٹ تھے اورمحروم اور مظلوم طبقات کے لیے جدوجہد کرنے میں انہوں نے اپنی زندگی لگادی ۔ ایک اچھے مقرر اور دلت مسلم اتحاد کے لیے فکر مند تھے۔ کوسپا 52سال کے تھے ، ان کے لواحقین میں ان کی اہلیہ، دو بیٹے ہیں اور ایک بیٹی ہیں ۔ ریاستی صدر عبدالحنان نے کوسپا کے لواحقین اور پارٹی کارکنان کے ساتھ تعزیت کا اظہا ر کیا ہے۔ ایس ڈی پی آئی کے قومی صدر اے سعید نے بھی اپنے تعزیتی پیغام میں کوسپا کی رحلت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔ ایس ڈی پی آئی دکشن کننڈا ضلعی صدر حنیف خان کوڈاجے اور دیگر پارٹی لیڈران اور پارٹی کارکنان نے ان کی آخری رسومات میں حصہ لیا۔ انڈین سوشیل فورم (ISF)، سعودی عرب ، کرناٹک شاخہ نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ کوسپپا کی رحلت ایس ڈی پی آئی اور دلت کمیونٹی کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے۔