بھٹکل انجمن ڈگری کالج کے دو پروفیسر اے ایم ملا اور پروفسیر محمد علی جمعداراپنی طویل  تدریسی خدمات کے بعد سبکدوش

12:27PM Tue 1 Jun, 2021

بھٹکل:یکم جون،2021  (بھٹکلیس نیوز بیور)انجمن حامئی مسلمین کے ماتحت چلنے والے ادارے انجمن ڈگری کالج اینڈ پی جی سنٹر بھٹکل  کےشعبہ کامرس کے پروفیسر احمد نبی ابن محبوب صاحب ملا ( اےایم ملا)اور شعبہ انگریزی کے پروفیسر محمد علی جمعدار (ایم ایم جمعدار) اپنی طویل تدریسی خدمات انجام دینے کےبعد 31مئی 2021بروز پیر کو اپنی تدریسی خدمات سے سبکدوش ہوگئے ہیں۔ ضلع باگلکوٹ سے تعلق رکھنےو الے پروفیسر اے ایم ملا صاحب پچھلے 35برسوں سے بھٹکل میں تدریسی خدمات سے وابستہ تھے اور اس دوران انہوں نے تعلیم سے جڑے مختلف  میدانوں میں اپنی خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے شعبہ کامرس میں پروفیسر ، صدر شعبہ اور کالج پرنسپال کی حیثیت سےکل 35سال تدریسی خدمات انجام دیں۔  اس دوران وہ شعبہ این ایس ایس کے ذمہ داراوراسٹوڈنٹس ویلفئیر آفیسر  بھی رہے۔ اس کے علاوہ ریاستی، قومی اور بین الاقوامی سمیناروں میں شرکت کرتے ہوئےاپنے مقالہ جات بھی پیش کئے۔ اس کے ساتھ ساتھ کرناٹکا یونیورسٹی دھارواڑکےتعلیمی بورڈ کےممبر ،یونیورسٹی حدود کے کالج اساتذہ اسوسی ایشن کاروار کے نائب صدر اور کالج پرنسپال سنگھا کے سکریٹری  کی  حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔ پروفیسر ایم ایم جمعدار کا تعلق دھارواڑ کے ایک متوسط گھرانے سے ہے۔  انہوں نے بھی قریب 30برسوں تک شعبہ انگریزی کے پروفیسر  اور اسی شعبہ کے  صدر  رہتے ہوئے تدریسی خدمات انجام دیں۔ انجمن ڈگری کالج سے پی یو سی کالج کے الگ ہونے کے بعد انہوں نے دوسال تک پی یوکالج کےپہلے پرنسپال کی حیثیت سے بھی کام کیا۔ اسی طرح ڈگری کالج میں نائب پرنسپال کی ذمہ داری کو بھی خوب نبھایا ۔ انگریزی ادب اورزبان پر عبور رکھنے والے پروفیسر جمعدار نصابی کتب کےماہرین میں اور انگریزی کے بہترین مقررین میں شمار کئے جاتےہیں۔ ریاستی، قومی اور بین الاقوامی سمیناروں میں شرکت کرتے ہوئے اپنا لوہا منوایا ہے۔ ملک و بیرونی ملک  میں مقیم ان کے شاگرد آج بھی ان کے گرویدہ ہیں۔  انہیں انگریزی زبان کےساتھ ساتھ اردو ادب کا بھی بہترین ذوق ہےاور کئی شعراء کا کلام انہیں زبانی یاد ہے۔ ان دونوں پروفیسر حضرات کی سبکدوشی پر انجمن کالج کے پرنسپال،تدریسی و غیر تدریسی عملہ اور بے شمار شاگردا ن نے ان کی اگلی زندگی کے لیے اپنی نیک خواہشات  کا اظہار کیاہے۔