صرف وزیر اعلیٰ کو ہی استعفیٰ دونگا: جارج

03:20PM Mon 11 Sep, 2017

بنگلور( بھٹکلیس نیوز ):۔ وزیر برائے بنگلو ر ڈیولپمنٹ کے جے جارج نے کہا کہ وہ صرف وزیر اعلیٰ سدارامیا کے کہنے پر ہی استعفیٰ دیں گے جبکہ دیگر لیڈروں اور سیاسی لیڈروں کو ان سے استعفیٰ طلب کرنے کا کوئی اختیار نہیں ہے ۔انہوں نے نامہ نگاروں کوبتایا کہ وزیراعلیٰ نے ان سے استعفیٰ طلب نہیں کیا ہے اور نہ ہی کوئی مشورہ دیا ہے۔ اگر حکومت پر کوئی آنچ آئی تو ایک پل بھی تاخیر کئے بغیر استعفیٰ دیں گے اور حکومت کو کسی بھی خطرے کا سامنا کرنے کا موقعہ نہیں دیں گے۔ اس سے قبل پولیس ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ایم کے گناپتی کی خودکشی کے معاملہ میں ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے پر انہوں نے استعفیٰ دیا تھا اور اس معاملہ کی سی آئی ڈی نے جانچ کرکے انہیں کلین چٹ دی تھی اور عدالت میں بی رپورٹ داخل کی تھی ۔اس کے بعدانہیں دوبارہ کابینہ میں شامل کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے گناپتی خودکشی معاملہ کی جانچ سی بی آئی کے ذریعہ کرانے کا حکم دیاہے ۔اس حکم سے انہیں پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے اور وہ بے قصور ہیں اگر انہوں نے غلطی کی ہے تو وہ قانون اور عدالت سے بچ نہیں سکتے ۔بی جے پی نے ان سے استعفیٰ کی مانگ کی ہے اور بی جے پی لیڈروں کو استعفیٰ کی مانگ کرنے کا کوئی اختیار نہیں ہے۔کئی مرکزی وزراء کے خلاف اور کرناٹک میں بی جے پی لیڈروں کے خلاف بھی کئی معاملات درج ہیں۔سب سے پہلے انہیں استعفیٰ دینے کی ضرورت ہے۔