گلبرگہ میں اڈمنسٹریٹیو ٹریبونل کے قیام کو منظوری :سدرامیا
05:13PM Thu 9 Jul, 2015
وزیراعلیٰ سدرامیا نے اعلان کیا کہ وکلاء اور فریقین کی مانگوں کا احترام کرتے ہوئے ریاستی حکومت نے پہلے بلگام میں کرناٹکا اڈمنسٹریٹیو ٹریبونل قائم کیاتھا، اب گلبرگہ میں بھی ایک اڈمنسٹریٹیو ٹریبونل قائم کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔آج بلگام کے نہرو نگر میں شیخ گروپ آف انسٹی ٹیوشن کے احاطہ میں ہبلی الیکٹری سٹی سپلائی کمپنی کے گیارہ کے وی سب اسٹیشن کی تنصیب کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد مخاطب ہوکر انہوں نے کہاکہ پہلے ہی وکلاء کو بلگام میں کے اے ٹی قائم کرنے کی یقین دہانی کرائی جاچکی ہے۔اس سلسلے میں جلد ہی سرکاری حکمنامہ جاری کیا جائے گا۔ اسی طر ح گلبرگہ میں وکلاء کی تحریک کا احترام کرتے ہوئے حکومت نے اس علاقہ میں بھی کے اے ٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہاکہ بلگام میں 300کروڑ روپیوں کی لاگت پر بجلی کی تمام لائنوں کو زیر زمین کرنے کا کام 19ماہ میں پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے ترقی یافتہ شہرو ں میں بجلی کی لائنوں کا نظام زیر زمین رکھا گیا ہے، اس سے شہروں کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا اور ساتھ ہی ماحولیاتی تحفظ بھی یقینی بنایا جاسکے گا۔ عوام تک معیار ی بجلی بھی پہنچائی جاسکے گی۔ وزیراعلیٰ نے بتایاکہ بلگام میں پینے کے پانی کی قلت سے نمٹنے کیلئے چار کروڑ روپے اور شہر بھر میں بلدی سہولیات کے سدھار کیلئے سو کروڑ روپیوں کی رقم دی گئی ہے۔ شہر میں پہلے ہی میڈیکل کالج قائم ہیں ، اس سے متصل ایک سوپر اسپیشالٹی اسپتال منظور کرنے کیلئے حکومت تیار ہے۔حکومت پر اپوزیشن کی نکتہ چینیوں کا جواب دیتے ہوئے سدرامیا نے کہاکہ پچھلے دو سال کے دوران حکومت نے اپنے قول کے مطابق عمل کیا ہے۔ ریاست بھر میں بارہ نئے میڈیکل کالجس کو منظوری اور سماج کے تمام طبقات کو اعتماد میں لے کر ان کے ساتھ سماجی انصاف دلانے کی کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کرناٹک میں بیرونی سرمایہ کاری کو بڑھاوا دیا گیا ہے، کئی ممالک کی بڑی بڑی کمپنیاں سرمایہ کاری کیلئے آگے آئی ہیں۔حکومت نے ترقی پرور صنعتی پالیسی اپنائی ہے، جس کا عوام کو کافی فائدہ ہورہا ہے۔ اس موقع پر وزیر توانائی ڈی کے شیوکمار نے کہاکہ کانگریس پارٹی نے اپنے انتخابی منشور میں 2016تک بجلی کے شعبے میں کرناٹک کو خود کفیل بنانے کا وعدہ کیا ہے اورانہیں یقین ہے کہ ریاست وقت سے پہلے ہی خود کفیل ہوجائے گی۔ ریاستی حکومت کی طرف سے رائج شمسی توانائی پالیسی کو انقلابی قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس سے کسانوں کو کافی فائدہ پہنچے گا۔ بلگام ضلع کے انچارج اور وزیر برائے چھوٹی صنعت ستیش جارکی ہولی ، مقامی رکن اسمبلی فیروز سیٹھ اور دیگر نے اس موقع پر شرکت کی۔