جس چور کی شکایت کرنے تھانے پہنچا، وہ پہلے سے ہی تھانے میں بیٹھا تھا

03:04PM Fri 17 Feb, 2017

نئی دہلی،(بھٹکلی نیوز) اس وقت آپ کو کیسا محسوس ہوگا ، جب آپ اپنے قیمتی سامان کی چوری کی شکایت کرنے کے لیے پولیس اسٹیشن پہنچیں اور آپ کے پہنچنے سے پہلے ہی پولیس چور سے پوچھ گچھ کر رہی ہو؟ ایسا بہت ہی کم دیکھنے کو ملتا ہے، لیکن نئی دہلی جی آر پی تھانہ میں ایسا ہی واقعہ سامنے آیا ہے۔ایک مسافر جب موبائل چوری کی شکایت لے کر پہنچا تو جی آر پی پہلے ہی چور سے پوچھ گچھ کر رہی تھی، شکایت کنندہ نے موبائل دیکھ کر پہچان لیا ، جس کے بعد جی آر پی نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا اور چور کو حوالات میں ڈال دیا گیا۔بنیادی طور سے ہردوئی کے رہنے والے مقیم نے بتایا کہ وہ دہلی کے سیلم پور میں رہتے ہیں اور پرائیویٹ جاب کرتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ وہ 15؍فروری کو کاشی وشوناتھ ایکسپریس سے دہلی آ رہے تھے، صبح تقریبا 6:30بجے ٹرین نئی دہلی ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر 7پر پہنچی، ٹرین سے اترتے وقت ان کا موبائل کسی نے چوری کر لیا،پہلے تو وہ پلیٹ فارم پر ہی سیکورٹی جوانوں کو تلاشتے رہتے، لیکن جب شکایت درج کرانے کے لیے جی آر پی تھانہ پہنچے ،تو انہوں نے دیکھا کہ جی آر پی ایک لڑکے سے پوچھ گچھ کر رہی تھی،اس کے پاس ملے موبائل کو انہوں نے پہچان لیا، وہ خود حیران ہو گئے ، وہ شکایت لکھانے کے لیے تھانہ پہنچے بھی نہیں تھے کہ پولیس چور کو گرفتار کرکے پوچھ گچھ کر رہی تھی،جس کے بعد جی آر پی نے بتایا کہ ملزم کو مشکوک حالت میں پکڑا گیا تھا اور اس سے پوچھ گچھ کی جا رہی تھی۔گرفتار کئے گئے ملزم کی شناخت جامع مسجد علاقے کے رہنے والے شمیم کے طور پر ہوئی ہے۔مقیم کی شکایت پر جی آر پی نے شمیم کے خلاف مقدمہ درج کر لیاہے ۔