شاہ فیصل نے عمران خان کی طرف سے نریندر مودی کو بھیجے گئے مکتوب پر دیا یہ بڑا بیان
02:37PM Sat 8 Jun, 2019
جموں کشمیر پیپلز موومنٹ کے سربراہ اور سابق آئی اے ایس افسر ڈاکٹر شاہ فیصل نے پاکستانی وزیراعظم عمران خان کی طرف سے اپنے ہندوستانی ہم منصب نریندر مودی کو مذاکراتی عمل بحال کرنے کی تازہ اپیل کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ بتا دیں کہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے اپنے ہندوستانی ہم منصب نریندر مودی کے نام ایک مکتوب روانہ کیا ہے جس میں جنوبی کشمیر کے پائیدار امن و استحکام کے لئے اور ہمسائیگی میں امن و آشتی کے فروغ کے لئے مل جل کر کام کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
ڈاکٹر شاہ فیصل نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور پاکستانی وزیر اعظم عمران خان مل جل کر جنوبی ایشیا کے خوشحال اور پُر امن مستقبل کی تاریخ ازسر نو رقم کرسکتے ہیں۔انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: 'یہ ایک انتہائی حوصلہ بخش پیش رفت ہے، پاکستان کو اس سے قبل کبھی اس قدر آمادہ نہیں دیکھا گیا، پاکستانی وزیر اعظم کے اس دوستی کے آفر کو قبول کرنے کی ضرورت ہے، وزیر اعظم نریندر مودی اور عمران خان مل جل کر جنوبی ایشیا کے خوشحال اور پُرامن مستقبل کی تاریخ از سر نو رقم کرسکتے ہیں'۔
قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے دوبارہ بر سر اقتدار آنے کے بعد پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے یہ مودی کے ساتھ دوسرا رابطہ ہے۔ قبل ازیں عمران خان نے 2 جون کو وزیر اعظم نریندر مودی کو انتخابات میں شاندار کامیابی پر مبارک باد پیش کی تھی۔ بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی اپنے ہندوستانی ہم منصب ایس جے شنکر کے نام مکتوب روانہ کیا ہے جس میں مذاکراتی عمل کو بحال کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔