زمین حاصل کرنے اور ثبوت مٹانے عمر رسیدہ شخص کا قتل ۔لڑکی او رآٹو ڈرئیور گرفتار

03:37PM Tue 25 Jul, 2017

بنگلور(بھٹکلیس نیوز ):۔ جگنی پولیس نے ایک زمین پر ناجائز قبضہ جات کرنے کے لئے ایک عمر رسیدہ شخص کے نام جعلی دستاویزات بنانے اور پھر ثبوت مٹانے کے لئے اسکا قتل کرنے کے الزام میں ایک لڑکی اور ایک آٹو رکشہ ڈرائیور کو گرفتار کرلیا ہے ۔جگنی علاقہ کی رہنے والی 22سالہ پوترا اور اس کی ماں 65سالہ نرسما جعلی دستاویزات تیار کرکے زمینات پر ناجائز قبضہ جات کرنے میں مہارت رکھتی تھیں۔ سناتنا پورم کے قریب 2.25 ایکٹر کی زمین پر دونوں کی نظر پڑی تھی اور اس زمین کو حاصل کرنے کے لئے دونوں نے پڑوسی 75 سالہ وینکو جی راؤ کے نام جعلی دستاویزات تیار کرلئے اور دستاویزات میں پوترا نے وینکو جی راؤ کو اپنا باپ بتایا تھا۔ ان جعلی اور جھوٹے دستاویزات کی بنیاد پر پوترانے یہ زمین نیوتراگوپیٹ کے ایک صنعت کار کو فروخت کرکے لاکھوں روپےئے حاصل کئے تھے۔چند دن بعد صنعت کار کو پتہ چلا کہ زمین کے تمام دستاویزات جعلی ہیں اور صنعت کار نے جگنی پولیس تھانہ میں پوترا کے خلاف جعلسازی کا معاملہ درج کرایا تھا۔اس سلسلہ میں پولیس نے جانچ کرتے ہوئے پوترا اور اس کی ماں نرسما کو گرفتار کیا تھا۔دونوں ماں اور بیٹی ضمانت پر رہا ہوگئے۔ ادھر جعلی دستاویزات تیار کرنے کے معاملہ میں پولیس وینکو جی راؤ کوتلاش کررہی تھی جعلی دستاویزات بنانے کے الزام میں پکڑے جانے کے ڈر سے پوترا اس کی ماں نرسما اور ایک آٹو ڈرائیورسوم شیکھر نے وینکو جی راؤ کو کہیں لے جانے کے بعد اس کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا اور لاش کو ایک وزنی پتھر سے باندھ کر تالاب میں پھینک دیا۔پھر پوترا نے وینکو جی راؤ کی گمشدگی کی رپورٹ پولیس تھانہ میں درج کرائی اور وہ کئی مرتبہ پولیس تھانہ بھی گئی۔پولیس جعلی دستاویزات کی جانچ کرنے جب رجسٹرار دفتر گئی ۔وہاں وینکو جی راؤ کی تصویر اور دیگر تفصیلات حاصل کرکے اس کی تلاش میں نکل پڑی۔ پولیس کو وینکوجی راؤ کا گھر تو مل گیا لیکن اس کاپتہ نہیں چلا۔ پڑوس میں پوترا او راسکی ماں کو دیکھ کر پولیس دنگ رہ گئی۔اس سلسلہ میں پولیس نے پوترا کو حراست میں لیکر پوچھ تاچھ کی پولیس کے سامنے پوترا نے سب کچھ بتادیا۔پولیس نے پوترا کے ساتھ ہی آٹو ڈرائیور سوم شیکھر کو گرفتار کرلیا۔نرسما فرار ہے اور پولیس اسے تلاش کررہی ہے۔قتل کی واردات کے دودن بعد وینکو جی راؤ کی لاش تالاب سے ملی تھی مگر اس کی شناخت نہ ہوسکی تھی اور لاش کے پاؤں کو رسی باندھے جانے پر پولیس کو قتل کا شبہ ہوا تھا ۔لیکن پہچان نہیں ہوسکی تھی سب رجسٹرار دفتر سے تصویر ملنے کے بعد ہی پہچان ہوئی تھی۔