یوم آزادی تقریبات کے تعلق سے بھٹکل میں اسسٹنٹ کمشنر کی اہم نشست

02:21PM Sat 3 Aug, 2019

بھٹکل:  3اگست،2019 (بھٹکلیس نیوز بیورو) یوم آزادی کی تقریبات کے تعلق سے کی جانے والی تیاریوں پر بات کرنے اور اس سلسلہ میں افسران کو ضروری ہدایات دینے بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے جمعرات کو تحصلدار دفتر میں ایک اہم نشست منعقد کی گئی تھی۔ انہوں نے اس موقع پر موجود تمام  افسران سے کہا کہ اس دن کو تہوار کی طرح منانا ہمارا فرض ہے کیوں کہ اسی دن ہمارا ملک آزاد ہوا تھا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ کسی بھی صورت میں پلاسٹک کے جھنڈے استعمال نہ کریں اور پھٹے پرانے جھنڈے بھی استعمال نہ کریں جس سے ترنگے کا وقار گھٹ جائے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے تعلقہ کے تمام سرکاری دفاتر کو 14/اور 15/اگست کی رات لائٹوں سے سجانے کا فرمان جاری کرتے ہوئے بہترین آرائش کرنے والوں کو انعام سے نوازے جانے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے اس موقع پر متعلقہ افسران کو اس تعلق سے ہائی اسکول اور کالج کے طلبہ کے مابین مضمون نویسی مقابلہ رکھنے کی بھی تاکید کی اور کہا کہ امسال رابطہ کی جانب سے طلبہ میں یوم آزادی کے موقع پر مٹھائیاں تقسیم کرنے کی ذمہ داری لی گئی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے 13/اور 14 اگست کو طلبہ کے لیے مارچ پاسٹ کی مشق ہونے کی بھی بات کہی اور طلبہ و اساتذہ اس میں شرکت کی درخواست کی۔ اس نشست میں تحصلدار وی پی کوٹرالی سمیت تعلقہ کے دیگر افسران موجود تھے۔