بنگلور اورریاست میں زبردست بارش بنگلور میں چار افراد ہلاک۔دیگر اضلاع میں سات لوگ ہلاک
03:18PM Mon 11 Sep, 2017
بنگلور(بھٹکلیس نیوز ):۔ راجدھانی بنگلور اور دیگر اضلاع میں بھاری بارش ۔ تیز ہواؤں اور بجلی کی وجہ سے جملہ 11لوگوں کی موت ہوئی ہے جبکہ بنگلور میں ایک خاتون سمیت چار افراد ھلاک ہوگئے بنگلور میں جملہ 154 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی اور کئی مقامات پر 75سے زائد درخت اور 17 سے زائد بجلی کے کھمبے اکھڑ جانے کی اطلاع ملی ہے۔کل رات موسلا دھاربارش کی وجہ سے جے سی نگر روڈ پر منروا سرکل کے قریب ایک درخت کار کی چھت پر گرنے سے اس میں سوار بنگلور کے سمنا ھلی کے 42سالہ رمیش اس کی بیوی 36سالہ بھارتی اور اس کا بھائی جگدیش(42) ھلاک ہوگئے اور کارمینک 23سالہ محمد علی زخمی ہوگیا اسے وکٹوریہ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ یہ لوگ کار کی مرمت کرانے کے لئے آئے تھے اور دن بھر کار کی مرمت کرانے کے بعد گھر کو کار میں لوٹنے کے موقعہ پر تینوں ھلاک ہوگئے۔جبکہ بھارتی کافرزند راھل بچ گیا اور اسے بھی کئی چوٹیں آئی ہیں اسے وکٹوریہ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ اسی طرح سیشادری پورم کے شیوانندا سرکل کے قریب پانی کے تیز بہاؤ کی وجہ سے پیالیس گٹاھلی کا رہنے والا 18 سالہ ورون پانی میں بہہ گیا ۔کل رات سے بی بی ایم پی اور قومی آفات راحت کاری ٹیم کے افسران نے لاش کو تلاش کرتے رہے اور آج صبح ایک مندر کے پاس کنوسیمنا گھر کے پاس لاش ملی ہے ۔شہر کے تمام علاقوں اور محلوں میں زبردست بارش ہوئی اور نچلے علاقوں میں بھی پانی گھس جانے کی وجہ سے لوگوں کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور لوگ رات بھر جاگ کر پانی کو باہر پھینکنے میں مگن رہے۔کئی مقامات پر 75 سے زائد درخت گرنے اور 17سے زائد بجلی کے کھمبے اکھڑ جانے کی اطلاع ملی ہے۔ بارش سے ھلاک ہونے والے خاندانوں کو فی کس پانچ ۔پانچ لاکھ روپیو ں کا معاوضہ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔اسی طرح وجئے پور ضلع انڈی تعلقہ کے ھلاگونیکے دیہات میں مکان کی چھت گرنے سے 20سالہ لڑکی سالما ملپا کی موت ہوگئی۔ ٹمکور ضلع سرا تعلقہ ارس گنٹے دیہات میں ایک مکان کی دیوار گرنے سے 50 بھوتنا کی موت ہوگئی۔ اس کی بیوی 38سالہ شانتما اور فرزند 20سالہ منجوناتھ کی حالت نازک بتائی گئی ہے ۔ باگل کوٹ ضلع کے ھلے گنا کی دیہات میں مکان کی چھت گرنے سے 65سالہ راجپا۔اس کی بیوی 60 سالہ سدّما کی موت ہوگئی۔اس طرح ہیوور دیہات میں بھی مکان کی دیوار گرنے سے 68 سالہ کری بسپااور بیوی 60 سالہ اندرا بائی کی موت ہوگئی۔ بتایا جاتا ہے کہ ہوا کے کم دباؤ کی وجہ سے مانسون کی اچھی بارش ہورہی ہے اور تمام اضلاع میں بھی زبردست بارش ہورہی ہے۔پہلی اور دوسری شفٹ میں کام ختم کرکے گھروں کو لوٹنے والے نجی کمپنیوں اور کارخانوں کے ملازمین اور مزدوروں کو کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔برساتی نالے اورگٹروں میں پانی زیادہ جمع ہونے کی وجہ سے مہادیواپورہ ۔ دوڈانے کندی۔ رام مورتی نگر۔ سرسوتی نگر۔ مارتھ ھلی ۔بسوا نگر ۔وگیان نگ ۔ایچ بی آر لے آؤٹ۔ ماروتی نگر ۔ نگلرا پالیہ ۔ بانسواڑی۔ رام مورتی نگر لے آؤٹ اور دیگر کئی نچلے علاقو میں واقع گھروں میں پانی گھس گیا تھا۔ مہادیوا پورہ زون میں سب سے زیادہ بارش ہوئی ہے ۔ دیوپا پارک ۔ پادرائن پورہ۔ جے پی نگر۔ جئے نگر ۔راجہ جی نگر ۔ملیشورم اور دیگر کئی علاقو ں میں 20 سے زائد درخت گرنے کی اطلاع ملی ہے ۔بی بی ایم پی کے ملازمین نے موقعہ واردات پہنچ کر ضروری کاروائی کرکے بجلی کے آروں سے درختوں کی کٹائی کی گئی۔دوڈا نے کندی میں 85ایم ایم ۔ایچ بی آر لے آؤٹ میں 64 ایم ایم ۔ بنا سے مارنا ھلی میں 57 ایم ایم ۔ ورتور میں 62 ایم ایم ۔باگلور میں 56ایم ایم ۔مارینھلی میں 52ایم ایم ۔ راجنا کنٹے میں58ایم ایم ۔ماواناٹکنا ھلی میں 39ایم ایم ۔ کے آر پورم میں 57 ایم ایم اور دیگر کئی علاقوں میں بھی ریکارڈ بارش ہوئی ہے ۔مےئر جی پدماوتی نے رات بھر کنٹرول روم میں رہ کر عوام کی شکایتوں کو سنا اور ان کے مسائل حل کرنے میں کامیاب رہیں۔ پانی گھروں میں گھسنے ۔درخت گرنے۔ سڑکوں پرپانی جمع ہونے اور دیگر کئی شکایتوں کو سنا اور ملازمین کو بھیج کر تمام مشکات اور پریشانیوں کو دور کیا۔