بلند ہمتی اور عزم مصمم انسان کی کامیابی کے اہم محرکات

12:34PM Sat 4 Mar, 2017

شعبہ اسلامک اسٹڈیز، اردو یونیورسٹی میں پروفیسر مسعود احمد کا خطاب حیدرآباد(بھٹکلیس نیوز)’’انسان کو کامیابی کی منزلیں طے کرنے کے لئے اپنے اندر عزم مصمم، بلند ہمتی وبلند حوصلگی کے ساتھ جنون پیدا کرنا چاہئے۔ اگر آپ کے اندر یہ عناصر موجود ہیں تو وسائل کی کمی، کمزور معاشی حالت اور آپ کا کمزور بیک گراؤنڈ کوئی معنیٰ نہیں رکھتا۔ انسان کو یقیناًاپنے خواب بلند رکھنے چاہئیں لیکن ان کے شرمندۂ تعبیر ہونے کا انحصار بھی انہی عناصر پر ہے۔ اس سلسلہ میں طارق بن زیاد کی فتح اندلس کے واقعہ سے اور جاپان کے ہیروشیما اور ناگاساکی پر بم گرائے جانے کے ذریعہ تباہ وبرباد ہو جانے کے بعد تیز رفتار ترقی سے بھی ہمیں نصیحت ملتی ہے‘‘۔ ان خیالات کا اظہار پروفیسر محمد مسعود احمد، پروفیسر وڈائیرکٹر ہیلتھ کیئر مینجمنٹ ،انڈو یو ایس ہاسپٹل نے شعبہ اسلامک اسٹڈیز، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں طلبہ سے اپنے خصوصی خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’شخصیت سازی کے سلسلہ میں سیرت نبویؐ کے مکی دور سے ہمیں بہت اہم سبق ملتا ہے کہ کس طرح ناموافق حالات میں مخالفین کی کثرت کے باوجود سب کے ساتھ مل جل کر صبر وثبات کے ساتھ کام کرنا چاہئے۔ہمیں اپنے ناقدین کی نقد سے جھنجھلانا اور پریشان نہیں ہونا چاہئے؛ بلکہ ان کی تنقیدوں کی روشنی میں اپنا محاسبہ کرنا چاہئے کہ یہی تنقیدیں ہماری کامیابی کے زینے ہیں‘‘۔ صدر شعبہ اسلامک اسٹڈیز، ڈاکٹر محمد فہیم اختر نے صدارتی خطاب میں اس قیمتی، مفید اور معلوماتی خطاب پر پروفیسر محمد مسعود احمد کا شکریہ ادا کیا اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مہمان مقرر کی باتوں کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات بالکل صحیح ہے کہ ہمیں تنقیدوں سے گھبرانا نہیں چاہئے، ’’یہی وجہ ہے کہ جب آپ کوئی کام کرتے ہیں تو آپ کی مخالفت کی جاتی ہے اوراگرآپ کچھ نہ کر رہے ہوں توآپ کی مخالفت کیونکر کی جائے گی‘‘ انہوں نے سوال کیا۔مہمان مقرر کے خطاب کے بعدسوال وجواب کا سلسلہ رہا۔ پروگرام کا آغاز صالح امین (پی ایچ ڈی) کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، کلمات تشکر صلاح الدین (ایم اے، سال اول) نے ادا کئے۔ مہمان کا تعارف اور پروگرام کی نظامت کی ذمہ داری شعبہ کی استاذ محترمہ ذیشان سارہ نے انجام دی۔