آئی این ایكس میڈیا معاملہ میں كارتی چدمبرم کو سپریم کورٹ سے نہیں ملی راحت
12:53PM Tue 6 Mar, 2018
نئی دہلی۔ سپریم کورٹ سے آئی این ایكس میڈیا معاملے میں سابق مرکزی وزیر خزانہ پی چدمبرم کے بیٹے كارتی چدمبرم کو آج راحت نہیں ملی۔ اب اس معاملے کی اگلی سماعت آٹھ مارچ کو ہوگی۔ چیف جسٹس دیپک مشرا، جسٹس اے ایم كھانولكر اور ڈی وائی چندرچوڑ کی تین رکنی بنچ نے اس معاملے کی اگلی سماعت آٹھ مارچ طے کی ہے۔ كارتی کی جانب سے سینئر وکیل کپل سبل اس معاملہ میں عبوری راحت کے لئے آج عدالت میں حاضر ہوئے۔ سبل نے کہا’’ہم جانچ ایجنسی کے ساتھ معاملہ میں ہر طرح سے تعاون کو تیار ہیں اور ہم نے پہلے بھی ایسا ہی کیا ہے‘‘۔
سپریم کورٹ نے كارتی کے خلاف منی لانڈرنگ ایکٹ ( پی ایم ایل اے ) کے تحت رجسٹرڈ معاملے کو لے کر انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) کو بھی نوٹس جاری کیا۔ كارتی نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ ای ڈی اپنے دائرہ اختیار سے با ہر جا کر ان کے خلاف تحقیقات کر رہا ہے۔ غور طلب ہے کہ كارتی فی الحال چھ مارچ تک سی بی آئی کی حراست میں ہیں۔ انہیں 28 فروری کو لندن سے چنئی ہوائی اڈے پر اترتے وقت سی بی آئی نے گرفتار کر لیا اور بعد میں انہیں دہلی لایا گیا تھا۔
كارتی چدمبرم پرآئی این ایكس میڈیا میں تقریبا 350 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کو ڈائرکٹ فارن انویسٹمنٹ پروموشن بورڈ (ایف آئی پی بی ) سے منظوری دلانے کے لئے کمیشن لینے کے الزامات ہیں۔ اس وقت ان کے والد پی چدمبرم مرکزی وزیر خزانہ تھے۔