فلسطینی علما کا وفد بنگلورو کے دورے پر، کہا : مسلمانوں کا قبلہ اول مسجد اقصی خطرے میں
01:01PM Thu 7 Feb, 2019
مسلمانوں کا قبلہ اول ان دنوں خطرے میں ہے۔ اسرائیل، مسجد اقصی پر قابض ہونے کے ساتھ ساتھ فلسطین میں ظلم اور ستم کی انتہا کررہاہے۔ ہندوستان فلسطینی عوام کے حقوق اور انصاف کیلئے آواز اٹھائے۔ بنگلورو کے دورے پر آئے فلسطینی وفد نے ان خیالات کا اظہار کیا۔
فلسطینی علما کا وفد ان دنوں بنگلورو کے دورے پرآیا ہوا ہے۔ فلسطین کے معروف عالم دین یوسف علی الیوسف اورفلسطین کی مجلس العلما کے رکن ڈاکٹر ابراہیم احمد اس وفد میں شامل ہیں۔
فلسطینی علما نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہودی قوم قبلہ اول مسجد اقصی کی بے حرمتی کررہی ہے۔ اسرائیلی فوج روزانہ ہزاروں یہودیوں کو مسجد میں داخل کرواکر اس کے تقدس کو پامال کررہی ہے۔ فلسطینی نمائندوں نےکہاکہ یہودی چاہتے ہیں کہ مسجد اقصی میں ان کی عبادت گاہ قائم ہو۔ انہوں نے کہاکہ فلسطینی عوام پرمظالم ڈھائے جارہے ہیں۔ خواتین، بچوں کو بھی بخشا نہیں جارہاہے۔ اس خطرناک دور میں بھی فلسطینی عوام آزادی کی لڑائی لڑ رہی ہے۔فلسطین کی مجلس العلما کے رکن ڈاکٹرابراہیم احمد نے کہاکہ ہندوستان اور فلسطین کے درمیان قدیم اور دوستانہ تعلقات رہے ہیں۔ موجودہ دور میں بھی ہندوستان فلسطین کی آزادی، فلسطینی عوام کے حقوق اور انصاف کیلئےآواز اُٹھائے۔