جلد ہی ٹوٹنے والا ہے روہت شرما کا یہ ریکارڈ ، آسٹریلیائی کھلاڑی فنچ ہاتھ دھوکر پڑے پیچھے

04:01PM Thu 16 Aug, 2018

روہت شرما بھلے ہی یک روزہ کرکٹ میں اپنے چھکوں کے ریکارڈ سے سب کو خوش کررہے ہوں ، لیکن ٹی 20 کرکٹ میں ان کے چھکوں کا ریکارڈ اب ٹوٹنے والا ہے ۔ روہت شرما کے نام ابھی ٹی 20 کرکٹ میں 289 میچوں میں 313 چھکے ہیں اور وہ دنیا میں اس معاملہ میں ساتویں نمبر پر ہیں ۔ وہ ٹی 20 کرکٹ میں ہندوستان کی جانب سے چھکے لگانے میں نمبر ون ہیں ۔ بہر حال اب ایسا لگتا ہے کہ وہ نمبر سات پر زیادہ دنوں تک برقرار نہیں رہ سکیں گے ۔ دراصل آسٹریلیا کے ایرون فنچ ان کے اس ریکارڈ کی جانب تیزی سے بڑھ رہے ہیں اور جس طرح کی فارم میں وہ نظر آرہے ہیں ، اس کو دیکھتے ہوئے یہ کہا جاسکتا ہے کہ روہت شرما کا یہ ریکارڈ اب چند دنوں کا ہی مہمان ہے ۔ فنچ کے نام 234 میچوں میں 310 چھکے ہوگئے ہیں اور وہ روہت شرما کے بعد 8 ویں نمبر پر ہیں ۔ فنچ ٹی 20 بلاسٹ میں ہر میچ میں رن بنا رہے ہیں ۔ اس کو دیکھتے ہوئے وہ شاید اگلے ہی میچ میں روہت کا یہ ریکارڈ توڑ دیں ۔ ٹی 20 میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ کرس گیل ( 857 چھکے ) کے نام ہے۔
 ہیمپ شائر کے خلاف 15 اگست کو کھیلے گئے ایک میچ میں فنچ نے شاندار بلے بازی کی اور 57 گیندوں پر ناٹ آوٹ 67 رن بناتے ہوئے اپنی ٹیم کو سات وکٹ سے جیت دلائی ۔ تاہم اس میچ میں فنچ خاموش نظر آئے اور انہوں نے زیادہ چھکے نہیں لگائے ۔ انہوں نے میچ میں سات چوکے اور ایک چھکا لگایا ۔
یہی وجہ رہی کہ روہت شرما کا ریکارڈ ٹوٹنے سے بچ گیا ۔ میچ میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ہیمپ شائر نے 20 اوورس میں سات وکٹ پر 133 رن کا اسکور کھڑا کیا تھا ، ان کی طرف سے جیمس ونس نے 18 ، ریلی روسی نے 23 ، نارتھ ایسٹ نے 37 رن بنائے ۔ وہیں ڈرن بیک اور مورنی مورکل نے دو دو وکٹ جھٹکے ۔ ہدف کا تعاقب کرنے اتری سرے ٹیم نے فنچ کے ناٹ آوٹ 67 اور نکی میڈنسن کے 41 ناٹ آوٹ کی بدولت 17.3 اوورس میں تین وکٹ پر 136 رن بناکر میچ جیت لیا ۔