لاک ڈاؤن مزید دو ہفتوں کے لیے بڑھایا جائے گا؛ مرکز سے اس سلسلہ میں بہت جلد جاری ہوں گی ہدایات: وزیر اعلیٰ یڈیورپا

02:03PM Sat 11 Apr, 2020

بینگلور:  11 اپریل، 20  (بھٹکلیس نیوز بیورو) ریاستی وزیر اعلی بی ایس ایڈی یورپا نے آج شام اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لاک ڈاؤن کو مزید دو ہفتوں تک آگے بڑھانے کی خبر دی ہے اور بتایا ہے کہ اس سلسلہ میں مرکز سے بہت جلد ہدایات جاری کی جائیں گی۔ یڈی یورپا نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ "آج وزرائے اعلیٰ کے ساتھ وزیر اعظم نریندر مودی کی ویڈیو کانفرنس میں وزیر اعظم نے کہا ہے کہ ملک کے موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے لاک ڈاؤن کو ہٹانا صحیح معلوم نہیں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی مدت میں توسیع کے لیے انہیں کئی وزرائے اعلیٰ نے درخواست کی ہے اور اکثر ان کی لاک ڈاؤن کی توسیع کی حمایت میں ہیں"۔ چار گھنٹے تک چلی اس ویڈیو کانفرنس میں کرناٹک کے وزیر اعلیٰ کے ساتھ ساتھ وزیر داخلہ، وزیر برائے صحت، وزیر برائے پرائمری و سکینڈری تعلیمات اور دیگر افسران موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ یڈی یورپا نے کہا کہ اگلے پندرہ دنوں کا لاک ڈاؤن پچھلے 21 /دنوں کے لاک ڈاؤن سے مختلف ہوگا جس کے بارے میں وزیر اعظم بہت جلد اعلان کریں گے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل ریاستی کابینہ کی ایک نشست میں اتفاق رائے سے ریاست میں لاک ڈاؤن کو آگے بڑھانے کا فیصلہ ہوا تھا۔