کرناٹک کے رام نگر میں مذہبی میلہ کا انعقاد؛ سماجی دوری کی اڑی دھجیاں؛ ایک افسر کو کیا گیا معطل

04:19PM Fri 15 May, 2020

پورے ہندوستان میں کورونا وائرس کا قہر جاری ہے۔ کورونا وبا کی وجہ سے سبھی طرح کے مال، سنیما ہال اور مذہبی مقامات بند ہیں۔ ایسا اس لیے کیا گیا ہے تاکہ سوشل ڈسٹنسنگ پر عمل کیا جا سکے۔ لیکن کرناٹک کے رام نگر واقع کولاگونڈن ہلی گاؤں میں جمعرات کو ایک مذہبی میلہ کا انعقاد ہوا جہاں بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوئے۔ اس درمیان سوشل ڈسٹنسنگ کی پوری طرح سے دھجیاں اڑا دی گئیں۔ خبروں کے مطابق مذہبی انعقاد میں حصہ لینے والے سبھی لوگ پنچایت وکاس افسر سے اجازت لے کر پروگرام میں شامل ہوئے تھے۔ اس مذہبی انعقاد میں اتنے لوگ اکٹھا ہو گئے کہ سوشل ڈسٹنسنگ پر عمل کرنا مشکل ہو گیا۔ ہنگامہ بڑھنے کے بعد لوگوں کو شمولیت کی اجازت دینے والے افسر کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ اس مذہبی انعقاد میں سوشل ڈسٹنسنگ کی دھجیاں اڑنے کے بعد کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر سی این اشوتھ نارائن نے کہا کہ میلہ کے انعقاد کے لیے ذمہ دار شخص کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس طرح کا انعقاد نہیں ہونا چاہیے تھا۔   قابل ذکر ہے کہ مذہبی انعقاد کی وجہ سے سوشل ڈسٹنسنگ کی دھجیاں اڑانے کا کرناٹک میں یہ پہلا واقعہ نہیں ہے اس سے پہلے بھی اکثریتی فرقہ کی ایک مذہبی تقریب میں لاک ڈاؤن کو پس پشت ڈال کر سوشیل ڈسٹنسنگ کی دھجیاں اڑادی گئیں تھیں ۔ اس کے علاوہ بھی کئی سیاسی لیڈروں کے ذریعہ ایسی تقاریب کا انعقاد کیا گیا جن میں لاک ڈاؤن کی دھجیاں اڑیں۔ ان سب پر ہنگامہ ہونے کے باوجود لوگ سبق حاصل نہیں کر رہے۔ کرناٹک میں جو لاک ڈاؤن اور سوشل ڈسٹنسنگ کے ضابطوں کی خلاف ورزی ہوئی ہے، اس کے بعد لوگ یدی یورپا حکومت سے لگاتار یہ سوال کر رہے ہیں کہ آخر لاک ڈاؤن میں مذہبی میلہ کا انعقاد کیوں ہوا اور وہاں بھیڑ کیسے جمع ہو گئی؟