جنرل سکریٹری بنانے سے مجھ پر کئی ذمہ داریاں بڑھ گئیں۔سدرشن

03:59PM Fri 21 Jul, 2017

کولار ( بھٹکلیس نیوز)۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اور ریاستی قانون ساز کونسل کے سابق چیرمن وی آر سدرشن نے کہا کہ کانگریس اعلیٰ کمان نے انہیں پردیش کانگریس کمیٹی کاجنرل سکریٹری بنائے جانے پر انکی ذمہ داریاں بڑھ گئی ہیں۔ انہوں نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ اعلیٰ کمان نے ریاست میں دوبارہ کانگریس کی حکومت لانے کے مقصد سے دو سوسے زائد عہدیداروں کی فہرست تشکیل دی ہے اور اتنی بڑی تعداد میں عہدیداروں کا تقرر ضروری نہیں تھا لیکن اعلیٰ لیڈروں کی سرگرمیو ں اور کام کے دباؤ کے کم کرنے کے مقصد سے عہدیداروں کا تقرر کیا گیا ہے۔اب تمام عہدیداروں کا اجلاس بہت جلد ہوگا اور انہیں مختلف اضلاع۔ تعلقہ جات اور یوتھ سطح کی ذمہ داریاں دی جائیں گی۔ نچلے سطح سے ہی پارٹی کو مضبوط بنانے کے علاوہ ریاستی حکومت کے کارناموں۔پروگراموں اور اسکیموں کی جانکاری دی جائے گی۔ اس کے علاوہ نریندر مودی حکومت کی مخالفت پالیسوں ۔نوٹ بندی۔ بے روزگاری ۔ مہنگائی۔ تمام محکمۂ جات میں رشوت خوری۔ گؤ کشی کے نام پر معصوم لوگوں کا قتل اور دیگر مخالف پالیسوں کے تعلق سے جانکاری دی جائے گی۔ تمام پارٹی کارکن گھر گھر جائیں گے۔اگر ریاست کو فرقہ پرست طاقتوں سے بچانا ہے تو کانگریس کو دوبارہ برسر اقتدار لانے کی ضرورت ہے۔صرف کانگریس پارٹی ہی تمام طبقات کے لوگوں کو سماجی انصاف فراہم کراسکتی ہے۔انہو ں نے کہا کہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ڈاکٹر جی پرمیشور انہیں جو بھی ذمہ داری دیں گے اسے قبول کرنے کے لئے تیار ہیں۔وہ کولار ضلع میں ہی کام کرنا پسند کریں گے۔ ریاست میں وسط مدتی انتخابات ہونے کاسوال ہی پیدا نہیں ہوتا اور مقررہ وقت پر ہی اسمبلی انتخابات ہوں گے۔