ڈیجیٹل ٹرانزیکشن کرنے والوں کو حکومت کی سوغات ، پٹرول ملے گا سستا ، ریل ٹکٹ میں بھی فائدہ
03:13PM Thu 8 Dec, 2016
نئی دہلی: نوٹ بندي کے بعد کام کاج میں نقد لین دین کم کرنے کے لئے قدم بڑھاتے ہوئے حکومت نے آج ڈیجیٹل ذرائع سے خریداری کرنے پر کئی قسم کی مراعات کا اعلان کیا۔ ان میں پٹرول و ڈیزل خریدنے پر 0.75 فیصد کی چھوٹ، آن لائن ٹرین ٹکٹ خریدنے پر 10 لاکھ روپے کا مفت حادثہ بیمہ اور قومی شاہراہوں پر ای-پیمنٹ کرنے پر 10 فیصد کی رعایت شامل ہے۔
مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے آج یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ معاشیاتی سرگرمیوں میں نقد رقم کے بہاؤ کو کم کیا جائے گا اور ڈیجیٹل ذرائع سے ادائیگی کو فروغ دینے کے لئے مراعات دی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ صرف بینک میں پیسہ جمع کروا دینے سے کالا دھن سفید نہیں ہو گا۔
وزیر موصوف نے کہا کہ ڈیجیٹل ذرائع سے پٹرول و ڈیزل خریدنے پر 0.75 فیصد کی چھوٹ ملے گی۔ انہوں نے بتایا کہ روزانہ تقریبا ساڑھے چار کروڑ لوگ ڈیزل-پیٹرول کی خریداری کرتے ہیں۔ نوٹ بندی نافذ ہونے کے بعد پٹرول پمپ پر ڈیجیٹل توسط سے ادائیگی 20 فیصد سے بڑھ کر 40 فیصد ہو گئی ہے۔
مسٹرارون جیٹلی نے بتایا کہ آن لائن ریلوے ٹکٹ خریدنے پر 10 لاکھ روپے کے مفت حادثہ بیمہ کی سہولت ملے گی۔ مضافاتی ٹرین کی خدمات کے لئے ڈیجیٹل ذرائع سے جو ٹکٹ خریدا جائے گا اس پر نصف فیصد کی چھوٹ ملے گی۔ ریلوے میں دیگر سہولیات کے لئے ڈیجیٹل ذرائع سے ادائیگی کرنے پر پانچ فیصد رعایت دی جائے گی۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ دیہی علاقوں میں ای-ادائیگی کو فروغ دینے پر حکومت زور دے گی۔ انہوں نے بتایا کہ دیہی علاقوں میں ای-ادائیگی کی حوصلہ افزائی کرنے کے لئے الیکٹرانک مشین اور مائیکرو اے ٹی ایم کی سہولت مہیا کرائی جائے گی۔ دس ہزار تک کی آبادی والے گاؤں میں دو پوائنٹ آف سیل مشین دستیاب کرائی جائے گی۔ اس کے لئے ابتدائی مرحلے میں ایک لاکھ گاؤں کو منتخب کیا جائے گا۔
پبلک سیکٹر کی انشورنس کمپنیوں کے صارفین پورٹل سے انشورنس پالیسی لینے اور پریمیم ادا کرنے پر جنرل انشورنس کے لئے 10 فیصد کی رعایت دی جائے گی۔ لائف انشورنس پالیسیوں پر آٹھ فیصد کی چھوٹ ملے گی۔ قومی شاہراہوں پر ٹول ٹیکس کے لئے کارڈ کا استعمال کر کے ادائیگی کرنے والے کو 10 فیصد کی چھوٹ ملے گی۔
واضح رہے کہ حکومت نے 9 نومبر سے ایک ہزار اور 500 روپے کے پرانے نوٹوں کا چلن غیر قانونی قراردیا ہے۔اس کے بعد بڑی مقدار میں دو ہزار، پانچ سو اور دیگر مالیت کے نئے نوٹ جاری کئے گئے ہیں لیکن اس کے باوجود مالیاتی سرگرمیوں میں نقد رقم کا مسئلہ بر قرار ہے، جس سے لوگوں کو کافی زیادہ پریشانیوں کا سامنا ہے۔