مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے بندر روڈ پر واقع سردار ولبھ بھائی پٹیل پارک ویران

04:28PM Mon 18 Nov, 2013

مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے بندر روڈ پر واقع سردار ولبھ بھائی  پٹیل پارک  ویران بھٹکلیس نیوز / 18 نومبر، 13 بھٹکل / (رضوان گنگاولی :خصوصی رپورٹ ) یہاں بندررو روڈ پر نیو انگلش اسکول کے قریب واقع سردار ولبھ بھائی پٹیل پارک  کی صحیح دیکھ ریکھ نہ ہونے اور اس کو پوچھنے والا کوئی نہ رہنے کی وجہ سے پچھلے کئی سالوں سے لہلہاتا اور آباد یہ باغ ویرانی کا منظر پیش کر رہا ہے اور یہاں لوگوں کی چہل پہل ختم ہوگئی ہے ۔ اگر اس طرح کہا جائے تو غلط نہ ہوگا کہ بھٹکل شہر کا  یہ ایک اکلوتا اور بڑا باغ پچھلے کئی سالوں سے بے جان ہو کر اپنی خوبصورتی کو کھوتا جا رہا ہے اور نیم مردہ حالت میں پہنچ چکا ہے ۔ پانچ سال پہلے اس باغ کو خوبصورت اور دلکش بنانے کے لئے لاکھوں روپئے خرچ کئے گئے تھے  اور اند ر بیٹھنے کے لئے  عمدہ نشستیں بنائی گئیں تھیں ، جس کی وجہ سے لوگ یہاں شام میں آرام و سکون کے لئے  آیا کرتے تھے ۔ لیکن ایسی رونق  والی جگہ کو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ نطر لگ گئی ہے ، اور اس پر توجہ نہ دینے کی وجہ سے دن بدن یہ باغ اجڑتا جارہا ہے ۔ مقامی عوام کا کہنا ہے کہ اگر بلدیہ کے ذمہ داران اس پر تھوڑی سی بھی توجہ دیتے تو اس باغ کی یہ حالت نہ ہوتی ۔ یہاں پر متعلقہ ذمہ داران  کی غفلت کی بناء پر بڑی بڑی گھانس اور درخت اٹھ کر جنگل کا منظر پیش کر رہے ہیں ۔ باغ میں بنائے گئے حوض میں بڑے بڑے پتھر گرے ہوئے ہیں اور اس میں  آنے والے پانی کے پائپ  نہ جانے  کہاں غائب ہوگئے ہیں ۔ بیٹھنے والی نشستوں کے اطراف گھانس اگنے سے وہ نشستیں گھانس میں چھپ کر رہ گئیں ہیں ۔ اس سے بھی تشویشناک بات یہ ہے کہ گارڈن کے باہر لگے بورڈ پر لکھا گیا سردار ولبھ بھائی پٹیل کا نام بھی مٹ گیا ہے  اور شاید میونسپالٹی والوں کو کاریگر نہ ملنے کی بناء پر اس کو صحیح کرنے کی فرصت تک نہیں ہوئی ہے ۔ پارک میں موجود گھر کے سلسلہ میں جب تحقیق کی گئی تو پتہ چلا کہ پچھلے دو تین سالوں سے یہاں  کوئی نہیں رہ رہا ہے ، اور سننے میں آیا ہے کہ وہاں سے کھیلنے کے بہت سے سامان بھی غائب ہیں جس کی رپورٹ بھی درج نہیں کی گئی ہے ۔ سیر و تفریح اور سکو ن کے لئے بنایا گیا یہ باغ  صحیح نگہداشت نہ ہونے کی بناء پر تاش کھیلنے والوں اور شرابیوں  کے لئے ایک اچھا اڈہ بن کر رہ گیا ہے ۔  شہر کے قلب میں واقع یہ گارڈن خراب دواؤں کے بوتل ، تمباکو کے پیکٹ اور دوسری خراب چیزوں سے بھرا پڑا ہے جو یہاں آنے والے لوگوں کے اخلاق کی تصویر پیش کر رہا ہے ۔ اس گھر کے دروازے کو ابھی تک مقفل کئے بناء اسی طرح کھلاچھوڑ دیا گیا ہے  ۔ یہ سب اس لئے ہو رہا ہے کہ اس کو کوئی دیکھنے اور پوچھنے والا نہیں ہے ۔ بعض ذمہ داران کہ بارے میں مقامی عوام کا کہنا ہے کہ وہ جان بوجھ کر اس کو نظر انداز کر رہے ہیں۔ عوام  کی طرف سے یہ سوالات بھی اٹھائے جارہے ہیں کہ گارڈن کی مرمت کے لئے میونسپالٹی میں جو پیسہ آتا ہے آخروہ کہاں جاتا ہے ؟ اس سے پہلے دیکھا جاتا تھا کہ یہاں شام کے وقت لوگ موسم کا لطف اٹھانے اور طلبہ پڑھنے کے لئے آیا کرتے تھے لیکن اس باغ کی حالت زار کی وجہ سے یہاں صرف بد معاش اور  غلط قسم کے لوگوں کا ہی آنا جانا ہو رہا ہے ۔ جن کو ایک شریف آدمی برداشت نہیں کر سکتا ۔ اتنا سب ہونے کے بعد بلدیہ والوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ دوبارہ اس باغ کی رونق کو برقرار رکھنے کے لئے اقدام کریں اور یہاں ہورہی گندی حرکتوں پر شکنجہ کستے ہوئے اس باغ کی نگرانی کا معقول انتظام کریں تاکہ یہ باغ پھر اسی طرح سے آباد ہو جس طرح کبھی ہوا کرتا تھا ۔ SVP-Garden-04 SVP-Garden-03 SVP-Garden-02 SVP-Garden-01