ریاست میں جرائم کی شرح کم ہوتی جارہی ہے: ڈاکٹر پرمیشور

01:59PM Sat 8 Sep, 2018

ٹمکور:8؍ستمبر (نامہ نگار) ریاست میں نظم وضبط کی صورتحال قابو میں ہے اور جرائم کی شرح میں بھی کمی آئی ہے۔ یہ بات نائب وزیر اعلیٰ ووزیر داخلہ و ضلع نگران کار ڈاکٹر جی پرمیشور نے کہی۔ انہوں نے یہاں ضلع پولیس پریڈ گراؤنڈ میں ویمنس کانسٹیبلس کی نویں تربیت یافتہ بیچ کے وداعی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج سے 25سال پہلے محکمہ پولیس کو جن حالات کا سامنا تھا آج کے اس جدید دور میں بالکل الگ اور نئے مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ دونوں زمانوں میں بڑا فرق ہے، آج جرم کی تہہ تک پہنچنا اور جرم کو ثابت کرنا آسان نہیں ہے بلکہ کافی مشکلوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، پولیس اہلکاروں کیلئے کمپیوٹر کی تربیت لازمی ہے۔ہر ایک پولیس تھانے میں کمپیوٹر کے ذریعہ تفصیل فراہم کرنا ضروری ہے۔ ویمنس پولیس کانسٹیبلس کو بعض اوقات مشکل کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس لئے انہیں خصوصی تربیت دی جارہی ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ نے فخر محسوس کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کی پولیس کو جرائم کے معاملات حل کرنے اور جرائم کے معاملات پر قابو پانے میں کامیابی مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک پولیس میں زیادہ تر خواتین شامل ہورہی ہیں، کرناٹک پولیس میں اب 6فیصد خواتین پولیس خدمت انجام دے رہی ہیں، اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ خواتین پولیس کی مدد سے جرائم کی روک تھام اور ٹرافک کنٹرول کرنے میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔ڈاکٹر پرمیشور نے بتایا کہ اس تربیت یافتہ بیچ میں 120 ویمنس کانسٹیبلس شامل ہیں جن میں 92 ڈگری یافتہ اور 16 ماسٹر ڈگری حاصل کی ہوئی ہیں۔ انجینئرنگ کی ڈگری رکھنے والی لڑکیوں کے پولیس میں شامل ہونے سے محکمہ کو کافی مدد مل رہی ہے۔ اس دوران تربیت یافتہ کانسٹیبلس میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔ اجلاس میں ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر دیویا، وی گوپی ناتھ، اڈیشنل ایس پی ڈاکٹر وی جے شوبھا رانی موجود تھیں۔